ایمبر ہرڈ نے جانی ڈیپ ہتک عزت کیس کے فیصلے پر سوال اٹھا دیا

لاس اینجلس،جولائی.ہالی ووڈ اداکارہ ایمبر ہرڈ نے اپنے خلاف سنائے جانے والے سابقہ شوہر جانی ڈیپ کے ہتک عزت کیس کے فیصلہ پر سوال اٹھا دیا جبکہ نئے ٹرائل کا بھی مطالبہ کر دیا۔ اداکارہ کے وکلا نے امریکی عدالت میں ایک درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ جانی ڈیپ کی جانب سے دائر ہتک عزت کے کیس کا پورا عمل متاثر رہا ہے۔ انہوں نے اپنی درخواست میں کہا کہ ایک اعلیٰ سطح کے کیس میں غلط جیورر کو بٹھا دیا گیا تھا، یہ جیورر ڈیوٹی لسٹ میں موجود نہیں تھا لیکن ٹرائل کا حصہ رہا۔ ایمبر ہرڈ کے وکلا نے عدالت سے استدعا کی کہ یکم جون کو جاری ہونے والے اس ٹرائل کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے اور نئے ٹرائل کے احکامات جاری کیے جائیں۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھی ایمبر ہرڈ کی قانونی ٹیم نے عدالت میں اس کیس کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی درخواست جمع کروائی تھی اور موقف اپنایا تھا کہ کیس میں ایسے شواہد نہیں ملے جو ایمبر ہرڈ پر جانی ڈیپ کے ہتک عزت کے دعوے کو ثابت کرسکیں۔ خیال رہے کہ ورجینیا کی عدالت نے جانی ڈیپ کے ہتک عزت کے دعوے کا فیصلہ ان کے حق میں سناتے ہوئے ایمبر ہرڈ کو نقصان کا ازالہ کرنے کے لیے اپنے سابق شوہر کو 15 ملین ڈالرز کا معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا جبکہ جانی ڈیپ کو اپنی سابقہ اہلیہ کو 2 ملین ڈالر کی ادائیگی کا حکم دیا تھا۔واضح رہے کہ اس کیس کے فیصلے میں عدالت نے قرار دیا تھا کہ 2018 میں اپنے ایک مضمون میں ایمبر ہرڈ نے جانی ڈیپ کو بدنام کرنے کی کوشش کی تھی، جس میں انہوں نے یہ کہا تھا کہ سابق شوہر نے گھریلو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

Related Articles