آبے ہندوستان کے دوست، جاپان کے سب سے طویل عرصے تک رہنے والے وزیر اعظم تھے

ٹوکیو/نئی دہلی، جولائی ۔ جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو آبے ایک اسٹیل کمپنی سے اپنے کیریئر کا آغاز کرکے ملک کی سب سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والی شخصیت بن گئے ہیں۔ انہوں نے ایشیا پیسیفک جغرافیائی سیاسی صورتحال پر اپنا نقش چھوڑا جس کے اثرات طویل عرصے تک محسوس کیے جائیں گے۔ مسٹر آبے نے جمعہ کو ایک سابق جاپانی فوجی کی بربریت کا شکار ہونے سے بہت پہلے صحت کی وجوہات کی بناء پر سیاست چھوڑ دی تھی، لیکن وہ نارا شہر میں ایک سابق فوجی کی طرف سے گولی مار کر ہلاک کئے گئے تھے اس وقت وہ اپنی عوام کے درمیان تھے اور اتوار کو ہونے والے اپنی لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار کے لیے ایوان بالا کے لیے انتخابی مہم چلا رہے تھے۔ مسٹر آبے نے ہندوستان اور جاپان کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید گہرا کیا اور ان کے دور میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اسٹریٹجک تعلقات کے شعبوں میں بہت سے نئے اقدامات کیے گئے۔ انہوں نے آسٹریلیا، امریکہ اور ہندوستان کے ساتھ ایشیا پیسیفک کے علاقے میں ایک کواڈ پہل کی قیادت کی اور آج چار ممالک کا یہ گروپ شکل اختیار کر چکا ہے۔ اپنی پہلی میعاد میں مسٹر آبے نے اس وقت کے وزیر اعظم منموہن سنگھ کے ساتھ مل کر ہندوستان-جاپان تعلقات کو مضبوط بنانے کی طرف ٹھوس قدم اٹھائے۔ مسٹر آبے کے وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ دوستانہ تعلقات تھے اور مسٹر مودی نے جاپان کے اپنے آخری دورہ کے دوران جاپان کے سابق وزیر اعظم سے ملاقات کی تھی۔ مسٹر آبے کے ساتھ آج کی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر مودی نے اس وقت کی اپنی تصویر بھی ٹوئٹر پر شیئر کی ہے۔ مسٹر آبے پہلی مرتبہ 2006 سے 2007 تک اس عہدے پر فائز رہے۔ انہوں نے 26 ستمبر 2012 کو لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے صدر اور وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالا اور 14 ستمبر 2020 کو صحت سے متعلق وجوہات کی بنا پر استعفیٰ دے دیا تھا۔ مسٹر آبے انتہائی دائیں بازو کی تنظیم نپون کائیگی (جاپان کانفرنس) کے رکن تھے۔ وہ دائیں بازو کے پاپولسٹ رہنما کے طور پر جانے جاتے تھے اور ان کی لبرل ڈیموکریٹک پارٹی میں ایک انتہائی قدامت پسند رہنما سمجھا جاتا تھا۔ جاپان میں ان کے بہت سے سیاسی مخالفین نے ان کی پالیسیوں کو رجعتی اور فاشسٹ قرار دے کر تنقید کا نشانہ بنایا، لیکن وہ عوام میں مقبول وزیر اعظم تھے۔ چین اور جنوبی کوریا میں تاریخ کے بارے میں ان کے نقطہ نظر پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ انہوں نے 2007 میں ان خبروں کی تردید کی تھی کہ جاپان نے دوسری جنگ عظیم میں دوسرے ممالک کی خواتین کو اپنی جنسی خواہش پوری کرنے کے لیے غلام بنایا تھا۔ مسٹر شنزو آبے 21 ستمبر 1954 کو شنجوکو، ٹوکیو میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد کا نام سنتارو آبے اور والدہ کا نام یوکو آبے تھا۔ مسٹر آبے کی اہلیہ کا نام اکی آبے ہے۔ مسٹر آبے نے جاپان کی سیکی یونیورسٹی سے پولیٹیکل سائنس میں گریجویشن کیا تھا، بعد میں وہ امریکہ کی یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا میں تعلیم حاصل کرنے چلے گئے لیکن اپنی تعلیم مکمل کے بغیر ہی وطن واپس آ گئے۔ مسٹر آبے کا تعلق جاپان کے ایک ممتاز سیاسی گھرانے سے تھا لیکن سیاست میں آنے سے پہلے انہوں نے اپریل 1979 میں کوبی اسٹیل کے لیے کام کرنا شروع کیا۔ انہوں نے 1982 میں کمپنی چھوڑ دی تھی اور کئی اور سرکاری عہدوں پر فائز رہے، جن میں وزیر خارجہ کے ایگزیکٹو اسسٹنٹ، لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (جاپان) کی جنرل کونسل کے صدر کے پرائیویٹ سیکرٹری اور لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) کے جنرل سیکرٹری کے پرائیویٹ سیکرٹری شامل ہیں۔ وہ پہلی بار 1993 میں جاپان کے ایوان نمائندگان کے لیے منتخب ہوئے تھے۔ انہیں ستمبر 2005 میں وزیر اعظم جونیچیرو کوئزومی نے کابینہ سیکرٹری مقرر کیا تھا، پھر 2006 میں انہوں نے جونیچیرو کی جگہ لی۔ وہ 52 سال کی عمر میں سب سے کم عمر جاپانی وزیر اعظم اور دوسری جنگ عظیم کے بعد پیدا ہونے والے پہلے جاپانی وزیر اعظم بنے۔ انہوں نے 12 ستمبر 2007 کو صحت کی وجوہات کی بنا پر استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان کی جگہ یاسو فوکودا نے لی، جو 16 ماہ تک جاپان کے وزیر اعظم رہے۔ مسٹر آبے دوبارہ واپس آئے اور 26 ستمبر 2012 کو لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارت کے لیے اپنی نامزدگی داخل کی۔ پارٹی صدر کے انتخاب میں ان کا مقابلہ سابق وزیر دفاع شیگیرو ایشیبا سے تھا۔ انہوں نے صدر کے انتخاب میں ایشیبا کو شکست دی۔ انہوں نے 2012 کے عام انتخابات میں اپنی پارٹی کو زبردست فتح دلائی، وہ 1948 میں شیگیرو یوشیدا کے بعد عہدے پر واپس آنے والے پہلے سابق وزیر اعظم بن گئے۔ وہ 2014 کے عام انتخابات میں اتحادی پارٹنر کومیٹو کے ساتھ اپنی دو تہائی اکثریت برقرار رکھتے ہوئے دوبارہ منتخب ہوئے اور پھر 2017 کے عام انتخابات میں اپنی دو تہائی اکثریت کے ساتھ دوبارہ منتخب ہوئے۔ ان کے شاندار کام کے لیے مسٹر آبے کو ہندوستان نے ملک کے دوسرے اعلیٰ ترین اعزاز پدم وبھوشن سے نوازا تھا۔

 

Related Articles