جیمز کیمرون کا مستقبل میں اواتار فلموں کو ڈائریکٹ نہ کرنے کا فیصلہ

لاس اینجلس،۷جولائی۔ہالی وڈ ڈائریکٹر جیمز کیمرون برسوں سے اواتار سیریز کی فلموں پر کام کررہے ہیں جس کا دوسرا حصہ دسمبر 2022 میں ریلیز ہورہا ہے۔فلم اواتار 2009 میں ریلیز ہوئی تھی اور13 سال بعد جیمز کیمرون کی اس فلم اس کا دوسرا حصہ اواتار 2: دی وے آف واٹر ریلیز ہورہا ہے۔جیمز کیمرون نے ایک انٹرویو میں اس سیریز کے باقی حصوں کے بارے میں بھی بتایا گیا ہے۔اس انٹرویو کی سب سے دلچسپ تفصیل یہ ہے کہ جیمز کیمرون ممکنہ طور پر چوتھے اور 5 ویں حصے کو ڈائریکٹ نہیں کریں گے۔ہالی وڈ ڈائریکٹر نے کہا کہ اواتار فلموں کے لیے سب مصروفیات کو ترک کرنے کی ضرورت ہے مگر وہ کچھ اور چیزیں بھی تیار کرنا چاہتے ہیں جو کافی زبردست ہیں۔انہوں نے کہا ‘میں نہیں جانتا کہ تیسرے یا چوتھے حصے کے بعد مزید اواتار فلمیں ڈائریکٹ کروں گا یا نہیں، میں یہ کام ایسے ڈائریکٹر کے حوالے کردوں گا جس پر مجھے اعتماد ہوگا تاکہ میں دیگر کام کرسکوں، ہوسکتا ہے کہ ایسا نہ بھی ہو، میں ابھی کچھ نہیں جانتا’۔ویسے ابھی تو یہ ہی معلوم نہیں کہ اواتار 4 اور 5 کو ریلیز کیا بھی جائے گا یا نہیں کیونکہ ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ اس کا انحصار دوسرے اور تیسرے حصے کی کامیابی پر ہوگا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ جیمز کیمرون ممکنہ طور پر چوتھے حصے کو ڈائریکٹ نہیں کریں گے مگر وہ سب سے زیادہ پرجوش اسی حصے کے حوالے سے ہیں۔انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ اواتار کا چوتھا حصہ چونکا دینے والا ہوگا اور توقع ہے کہ مجھے اس کو بنانے کا موقع ملے گا۔موجودہ شیڈول کے مطابق اواتار 3 کو 2024، اواتار 4 کو 2026 اور اواتار 5 کو 2028 میں ریلیز کیا جانا ہے۔جیمز کیمرون نے بتایا کہ اواتار 2 کا دورانیہ 3 گھنٹے ہوگا۔خیال رہے کہ اواتار 2 کا پہلا ٹیزر ٹریلر مئی 2022 کو جاری کیا گیا تھا۔اواتار 2 کی زیادہ تر عکسبندی زیرآب ہوئی ہے۔اواتار 2 کو 16 دسمبر 2022 کو دنیا بھر میں ریلیز کیا جائے گا جس میں سام ورتھنگٹن، زوئی سلڈانا، گیووانی ریبیس اور سیگورنی ویور ایک بار پھر جلوہ گر ہوں گے جبکہ کیٹ ونسلیٹ سمیت کئی نئے اداکاروں کی آمد بھی ہوگی۔خیال رہے کہ لگ بھگ 10 سال تک سب سے زیادہ کمانے والی فلم کا ریکارڈ اواتار کے نام رہا تھا جو 2019 میں ایوینجرز اینڈ گیم نے توڑا۔مگر مارچ 2021 میں اواتار کو چین میں دوبارہ ریلیز کیا گیا اور اس نے ایک بار پھر سب سے زیادہ کمانے والی فلم کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔فلم کی کامیابی کے بعد جیمز کیمرون نے اس کے 5 سیکوئلز پر کام کرنے کا اعلان کیا تھا مگر مختلف وجوہات کے باعث 13 سال بعد پہلا سیکوئل ریلیز کیا جارہا ہے۔

 

Related Articles