دوسری عورت کے خواب دیکھنے پر بیوی نے سوتے ہوئے شوہر پر گرم پانی ڈال دیا
لا پاز،جولائی۔بولیویا میں ایک تشویش ناک واقعہ پیش آیا جہاں بیوی نے نیند میں دوسری عورت کے خواب دیکھنے پر سوتے ہوئے شوہر کے جسم پر گرم پانی ڈال دیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بولیویا کی ایک خاتون کو حال ہی میں اپنے سوئے ہوئے شوہر کے جسم پر گرم پانی پھینکنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا کیونکہ وہ مبینہ طور پر خواب میں دوسری عورت سے اپنی محبت کا اظہار کر رہا تھا۔اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ ہفتے بولیویا کے شہر لا پاز میں پیش آیا۔ گرفتار بیوی کے مطابق اس کا 45 سالہ شوہر سو رہا تھا اور مبینہ طور پر نیند میں دوسری عورت سے اپنی محبت کا اظہار کر رہا تھا۔خاتون کا کہنا ہے کہ شوہر کی جانب سے نیند میں دوسری عورت سے اظہار محبت کرنے پر مجھے غصہ آیا اور میں کچن میں گئی اور ایک اْبلتے ہوئے پانی سے بھرا برتن شوہر کے جسم پر ڈال دیا۔پولیس ذرائع کے مطابق گرم پانی گرنے کی وجہ سے متاثرہ شخص کے بازو ،کمر اور جسم کے دیگر حصوں کو نقصان پہنچا جس کے باعث اسے اسپتال منتقل کیا گیا۔دوسری جانب یہ واضح نہیں ہے کہ متاثرہ شخص نے بیوی کی جانب سے گرم پانی گرائے جانے کے بعد خود پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی یا اس کے چیخنے کی آواز سے پڑوسیوں تک خبر پہنچی۔ تاہم مقامی حکام نے اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔