ادے پور میں جمعرات کو کرفیو میں 15 گھنٹے کی نرمی
ادے پور، جولائی ۔راجستھان کے ادے پور شہر میں کنہیا لال قتل کیس کے بعد پیدا کشیدگی کے بعد جمعرات کو مختلف تھانہ علاقوں میں نافذ کرفیو میں 15 گھنٹے کے لیے نرمی کر دی گئی۔ شہرکی دھان منڈی، گھنٹہ گھر، ہاتھی پول، امباماتا، سورج پول، سوینا، بھوپال پورہ، گووردھن ولاس، ہیرنمگری، پرتاپ نگر اور سُکھیردھان منڈی میں آج صبح 6 بجے سے رات 9 بجے تک کرفیو میں رعایت دی گئی۔ کرفیو کے بعد شہر میں حالات معمول پر آ رہے ہیں۔ کرفیو سے متاثرہ علاقوں میں تمام بازار کھلنے کے ساتھ ہی لوگ اپنی ضرورت کے سامان کی خریداری کرتے نظر آئے۔ تاہم متوفی کنہیا لال درزی کا جہاں قتل ہوا تھا اس علاقے مالداس اسٹریٹ میں ابھی بھی تاجروں نے اپنی دکانیں بند کر رکھی ہیں۔ شہر میں نئے تعینات ہونے والے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس چندرشیل ٹھاکر بدھ کو مالداس اسٹریٹ پہنچ کرتاجروں سے ملاقات کی اور ان سے بغیر کسی خوف کے اپنی دکانیں کھولنے کی اپیل کی۔ قابل ذکر ہے کہ 28 جون کو ادے پور شہر کے دھان منڈی تھانہ علاقے میں کنہیا لال کو تیز دھار ہتھیاروں سے قتل کرنے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر شہر کے ان تھانہ علاقوں میں اس دن رات آٹھ بجے سے اگلے احکامات تک کرفیو نافذ کر دیا گیا تھا۔