یواے ای کی زلزلے سے متاثرہ افغانستان میں فیلڈ اسپتال اور طبی ٹیم روانہ

کابل/دبئی،جولائی۔متحدہ عرب امارات نے زلزلے سے متاثرہ افغانستان میں 75 بستروں پر مشتمل فیلڈ اسپتال، دو آپریٹنگ روم، طبی سامان اور ایک طبی ٹیم بھیجی ہے۔یواے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق امدادی سامان تین طیاروں پربھیجا گیا ہے۔امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے زلزلہ زدگان کے لیے یہ امدادی سامان بھیجنے کی ہدایت کی تھی۔افغانستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر عیسیٰ سالم الظاہری نے کہا:’’یو اے ای نے حال ہی میں افغانستان میں زلزلے کے متاثرین کے لیے امدادی فضائی پل کے حصے کے طورپر30 میٹرک ٹن خوراک سے لدا ایک امدادی طیارہ بھیجا ہے۔ یہ کھیپ زلزلے سے متاثرہ خاندانوں اور کمزور گروہوں خصوصاً خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد میں خوراک کی قلت کودورکر رہی ہے‘‘۔گذشتہ ہفتے مشرقی افغانستان میں 5.9 کی شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کے نتیجے میں ایک ہزار سے زیادہ افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہو گئے تھے۔اسی ہفتے متحدہ عرب امارات نے خوراک کی ضروری اشیاء سمیت 30 ٹن امداد افغانستان بھیجی ہے۔دریں اثناء امریکی محکمہ خارجہ نے بتایا ہے کہ امریکا اور طالبان نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں پرتبادلہ خیال کیا ہے۔ان کے درمیان رواں ہفتے کے اوائل میں دوحہ میں مذاکرات ہوئے ہیں۔ مارچ میں قطری دارالحکومت میں دونوں فریقوں کی آخری ملاقات کے چند ماہ بعد ان کے درمیان یہ پہلا براہ راستہ رابطہ تھا۔طالبان گذشتہ ماہ آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد ملک کے امریکا میں منجمد اثاثوں کوواگزار کرانے کا راستہ تلاش کر رہے ہیں۔اس وقت امریکا نے افغانستان کے مرکزی بنک کے اربوں ڈالرکے اثاثے منجمد کر رکھے ہیں اور وہ اس بات کی یقین دہانی چاہتا ہے کہ یہ رقم آبادی کی مدد کے لیے استعمال جائے گی۔محکمہ خارجہ نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا کہ بدھ اور جمعرات کو ہونے والی ملاقاتوں میں امریکا نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کے لیے ساڑھے پانچ کروڑ ڈالر کی نئی امداد کے وعدے کا اعادہ کیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریقوں نے افغان عوام کے فائدے کے لیے افغان مرکزی بینک کے ذخائرمیں سے 3.5 ارب ڈالر کے اجرا کے لیے امریکی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اس کے بارے میں وائٹ ہاؤس نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ امریکا اس رقم کا معاملہ طے کرنے کے لیے فوری طور پرکام کر رہا ہے۔

 

Related Articles