سپائس جیٹ پرواز کے بعد دھوئیں کی وجہ سے دہلی واپس لوٹ گئی

نئی دہلی، جولائی۔ دہلی سے جبل پور کے لئے اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد اسپائس جیٹ کی پرواز ہفتہ کی صبح واپس لوٹ گئی جب عملے کے اراکین نے ٹیک آف کے بعد طیارے کے اندر سے دھواں اٹھتے دیکھا۔ اس وقت طیارہ 5000 فٹ کی بلندی پر پرواز کر رہا تھا۔ اسپائس جیٹ نے یہ اطلاع دی۔ایئر لائن کے ترجمان کے مطابق پائلٹ نے جہاز سے دھواں اٹھنے کے بعد دہلی واپس لوٹنے کا فیصلہ کیا۔ طیارہ مسافروں سمیت بحفاظت اتر گیا۔ پچھلے دو ہفتوں میں اسپائس جیٹ کے طیارے پر یہ پانچواں واقعہ ہے۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن ان تمام واقعات کی تحقیقات کر رہا ہے۔ اس سے پہلے 19 جون کو پٹنہ ایئرپورٹ سے ٹیک آف کے فوراً بعد اسپائس جیٹ کے دہلی جانے والے طیارے کے انجن میں آگ لگ گئی تھی جس کے چند منٹ بعد طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی۔ طیارے میں 185 مسافر سوار تھے اور پرندے کے ٹکرانے سے انجن فیل ہوگیا تھا۔ اسی دن ایک اور واقعہ میں جبل پور جانے والی پرواز کو کیبن میں خرابی کی وجہ سے واپس دہلی لوٹنا پڑا تھا۔25 جون کو پٹنہ-گوہاٹی کی پرواز کو تکنیکی خرابی کی وجہ سے ٹیک آف روکنا پڑا تھا۔ اس سے پہلے 4 مئی کو چنئی-درگاپور فلائٹ کو تکنیکی خرابی کے بعد چنئی واپس لوٹنا پڑا تھا۔

Related Articles