مدینہ منورہ پہنچنے والے عازمین حج کی تعداد 3 لاکھ 44 ہزار تک پہنچ گئی

مدینہ منورہ،جولائی۔فریضہ حج کی ادائی کے لیے دنیا بھر سے آنے والے فرزندان توحید اور عاشقان رسول حجاز مقدس پہنچنے کے بعد روضہ رسول پر حاضری دے رہے ہیں۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کے اعداد و شمار کے مطابق اس سال حج کے لیے آنے والے 3 لاکھ 44 ہزار سے زائد عازمین مدینہ پہنچ چکے ہیں جو اس سال حج کی ادائیگی کے لیے فضائی اور زمینی بندر گاہوں کے ذریعے آئے تھے۔اعداد کی تفصیل کے مطابق اس سال حج آپریشن کے آغاز کے بعد سے اب تک دو لاکھ 78 ہزار عازمین مدینہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچے، جبکہ بری راستوں کے ذریعے سے 65 ہزار 968 عازمین حج مدینہ پہنچ گئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز مدینہ میں رہ جانے والے عازمین کی تعداد 79 ہزار 451 تھی جبکہ مدینہ سے مکہ میں مقدس مقامات کی زیارت کے لئے جانے والے خواتین و حضرات کی تعداد د و لاکھ 65 ہزار 130 ہو گئی تھی۔قومیت کے اعتبار سے مدینہ منورہ میں رہنے والے عازمین حج میں بنگلہ دیش سر فہرست ہے۔ بنگلہ دیش کے 12 ہزار 411 حاجی مدینہ میں موجود تھے۔ اس کے بعد پاکستان کے 8229 عازمین، بھارت کے 6595 عازمین، ایران سے آنے والے 6433 عازمین اور نائجیریا کے 6320 کے عازمین حج مدینہ میں موجود تھے۔وزارت حج و عمرہ کے بیان کے مطابق مدینہ میں عازمین کی رہائش گاہوں میں انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے اب تک 534 دورے کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ حج اتھارٹی نے مدینہ کے ہسپتالوں میں زیر علاج عازمین کی عیادت کے لئے 32 دورے کئے گئے۔

 

Related Articles