اودے پور واقعہ انسانیت کے نام پر بد نما داغ -مولانا محمود اسعد مدنی

نئی دہلی، جون ۔ جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے اودے پور میں ایک غیر مسلم ٹیلر ماسٹر کے قتل اور اس کے بعد قاتلین کی طر ف سے ویڈیو بنا کر جائز ٹھہرانے کو انسانیت کے نام پر بدنما داغ اور مذہب اسلام کو بدنام کرنے والا عمل قرار دیا ہے۔یہ بات انہوں نے آج یہاں جاری ایک ریلیز میں کہی ہے۔ ریلیز کے مطابق مولانا مدنی نے کہا یہ واقعہ جس کسی بھی شخص کے ذریعہ انجام دیا گیا ہو، ملک کے قانونی نظام کے لیے بڑا چیلنج اور شرمناک ہے۔ انھوں نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کا اختیار نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ جمعیۃ علماء ہند ہر طرح کی شدت پسندی کے خلاف ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ بلاتفریق مذہب و ملت ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔یہ نہایت ہی افسوس کا مقام ہے کہ شرپسندوں اور فرقہ پرست عناصر کے سلسلے میں قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کا رویہ جانبدارانہ ہوتا ہے، جس کی وجہ سے اس طرح کے حالات رونما ہورہے ہیں۔ یہ نہایت ضروری ہے کہ یہ واقعہ ہو یا اس سے قبل اہانت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا سانحہ ہو، سرکاریں چاق وچوبند ہو کر عبرت ناک کارروائی انجام دیں تا کہ ایسی ذہنیت پھل پھول نہ سکے۔ مولانا مدنی نے اس موقع پر ملک کے سبھی لوگوں سے امن وامان قائم رکھنے کی خصوصی اپیل کی ہے اور کہاکہ فرقہ واریت کے خلاف بلاتفریق مذہب وملت ہر طبقہ کے افراد کھڑے ہوں۔

Related Articles