پٹیالہ میں دو برادریوں کے درمیان پرتشدد تصادم، پتھراؤ میں تین زخمی

پٹیالہ، اپریل۔پنجاب کے تاریخی شہر پٹیالہ میں آج دو برادریوں کے درمیان پرتشدد تصادم کے دوران پولیس کو مشتعل ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے ہوا میں گولیاں چلانی پڑیں۔خیال رہے کہ جمعہ کو خالصتانی دہشت گرد اور سکھ فار جسٹس تنظیم کے بانی گرپتونت پنو نے خالصتان یوم تاسیس منانے کا اعلان کیا تھا اور شیو سینا نے احتجاجاً خالصتان مردہ آباد مارچ نکالنے کا اعلان کیا تھا۔جب شیو سینا کے کارکن خالصتان مردہ آباد مارچ نکال رہے تھے تو کالی دیوی مندر کے قریب سکھ تنظیموں اور شیو سینا کے کارکنوں کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی۔ اس دوران مندر کے قریب دونوں طرف سے تلواریں بھی چلائی گئیں اور پتھراؤ بھی کیا گیا۔ حالات کو بے قابو ہوتے دیکھ کر سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی موجودگی میں ہوائی فائرنگ کی گئیں۔ کچھ پتھر پولیس اہلکاروں کو بھی لگے۔ جس کے بعد پولیس کو ہلکی طاقت کا استعمال کرنا پڑا۔ اب صورتحال کشیدہ لیکن قابو میں ہے۔ڈی ایس پی نے کہا کہ احتیاطی اقدام کے طور پر شہر میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے اور دونوں تنظیموں کو مظاہرے اور مارچ کرنے سے روک دیا گیا ہے۔انسپکٹر جنرل آف پولیس (پٹیالہ رینج) راکیش اگوال نے کہا ہے کہ اس وقت صورتحال قابو میں ہے۔ افواہوں کی وجہ سے معاملہ بھڑک گیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور امن و امان برقرار رکھنے میں مدد کریں۔

 

Related Articles