ہندوستان نے ورلڈ کپ میں کمپاؤنڈ مکسڈ ٹیم گولڈ جیتا
پیرس، جون۔ ابھیشیک ورما اور جیوتی سریکھا وینم کی ہندوستانی مکسڈ کمپاؤنڈ ٹیم نے ہفتہ کو یہاں تیر اندازی ورلڈ کپ مرحلہ 3 میں سونے کا تمغہ جیت لیا۔ گولڈ میڈل کے مقابلے میں ہندوستانی جوڑی نے میزبان فرانس کو 152-149 سے شکست دی۔تیر اندازی ورلڈ کپ میں ہندوستان کا یہ مسلسل دوسرا مکسڈ کمپاؤنڈ میڈل ہے۔ ابھیشیک اور اونیت کور کی ٹیم نے گزشتہ ماہ گوانگزو میں اسٹیج-2 میں کانسہ کا تمغہ جیتا تھا۔ابھیشیک نے جیت کے بعد کہاکہ بہت اچھا محسوس کررہا ہوں کیونکہ یہ ہندوستان کے لیے مسلسل دوسرا مکسڈ ٹیم میڈل ہے۔ اس جیت کے ساتھ شاید ہندوستانی ٹیم نمبر 1 بن جائے گی اور ہم اس کے لیے بہت پرجوش ہیں۔ پہلے دو مراحل سے چوک کر تیسرے مرحلے میں تمغہ جیتنے والی جیوتی نے کہاکہ مجھے بین الاقوامی سطح پر اترے کافی وقت ہو گیا ہے میں نے اچھا کرنے اور اپنا بہترین دینے کے بارے میں سوچا۔ مجھے خوشی ہے کہ ہم نے آج سونے کا تمغہ جیتا۔فائنل کے راستے میں تیسری سیڈ ہندوستانی ٹیم کو پہلے راؤنڈ میں بائی ملی اور اس نے دوسرے راؤنڈ میں پیورٹو ریکو کو شکست دے کر شروعات کی۔ کوارٹر فائنل میں انہوں نے ایل سلواڈور کو شوٹ آف میں شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی، جہاں انہوں نے ایسٹونیا کو 156-151 سے شکست دی۔ابھیشیک کا یہ مسلسل تیسرا گولڈ میڈل ہے۔ انہوں نے بالترتیب انطالیہ اور گوانگزو میں ورلڈ کپ اسٹیج-1 اور اسٹیج-2 میں مکسڈ مینز ٹیم گولڈ میڈل جیتا تھا۔