کیون اسپیسی کو جنسی حملوں کے پانچ الزامات میں عدالتی کارروائی کا سامنا

لندن ،جون۔دو مرتبہ آسکر ایوارڈ جیتنے والے62سالہ ہولی وڈ ادکارکیون اسپیسی گزشتہ روز لندن کی جس عدالت میں پیش ہوئے، اس میں انہیں اپنے خلاف پانچ مختلف الزامات کا سامنا ہے۔ ان میں سے چار الزامات تو جنسی حملوں سے متعلق ہیں جبکہ پانچویں میں ان کے خلاف دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں نے ایک شخص کو اس کی رضا مندی کے بغیر اپنے ساتھ منہ سے جنسی عمل کرنے پر مجبور کیا۔عدالت میں حاضری کے وقت کیون اسپیسی ہلکے نیلے رنگ کا سوٹ پہنے ہوئے تھے اور وہ اس مقدمے میں ابتدائی سماعت کے لیے لندن میں ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کی عدالت میں اپنے قانونی مشیروں کی ایک ٹیم کے ساتھ آئے تھے۔پولیس کے مطابق مبینہ جرائم کا ارتکاب مارچ 2005ء سے لے کر اپریل 2013ء تک کے عرصے میں کیا گیا۔ان میں سے چار مبینہ جرائم کا ارتکاب لندن میں جبکہ پانچویں کا مغربی انگلینڈ کی گلوسٹرشائر کاؤنٹی میں کیا گیا تھا۔وکلاء دفاع کے مطابق گزشتہ روز کی عدالتی کارروائی میں اسپیسی نے اپنے خلاف لگائے گئے تمام پانچوں الزامات کی صحت سے انکار کر دیا۔ ان کے خلاف یہ الزامات لگانے والے تینوں مرد ہیں۔ ان میں سے ایک کی عمر اس وقت 40 اور 50 برس کے درمیان جبکہ باقی دونوں کی عمریں 30 اور 40سال کے درمیان ہیں۔کیون اسپیسی ماضی میں ہولی وڈ کے بہترین اداکاروں میں شمار ہوتے تھے۔ لیکن اپنے خلاف پانچ برس قبل لگنے والے نامناسب جنسی رویے کے الزامات کے بعد سے وہ عوامی منظر نامے سے تقریباََغائب ہو چکے ہیں۔ماضی کے الزامات اتنے سنگین تھے کہ ان کے بعد کیون اسپیسی کو ٹی وی شو House of Cards کی کاسٹ سے خارج کر دیا گیا تھا۔اس کے علاوہ انہیں فلم All the Money in the World میں کام کرنے والے اداکاروں کی فہرست سے بھی نکال دیا گیا تھا۔اگر کیون اسپیسی کے خلاف عائد کردہ تازہ الزامات ثابت ہو گئے تو انہیں پانچ میں سے چار الزامات میں چھ ماہ تک قید اور غیر محدود مالی جرمانے کی سزا سنائی جا سکتی ہے جبکہ پانچویں الزام میں تو انہیں عمر قید کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔

 

Related Articles