مودی ہماچل کے دورے پر پہنچے، دھرم شالہ میں روڈ شو کیا

دھرم شالہ، جون ۔ وزیر اعظم نریندر مودی جمعرات کو پندرہ دن میں دوسری بار ہماچل پردیش پہنچے اور سرکردہ لیڈروں سے ملاقات کے بعد دھرم شالہ میں روڈ شو کیا۔اس سے پہلے جب مسٹرمودی 31 مئی کو شملہ آئے تھے اور پھر وہ دھرم شالہ آئے ہیں۔ مسٹر مودی کے دو دن کے قیام کے پیش نظرحکومت نے ایڑی چوٹی کا زورلگایاہواہے۔ دھرم شالہ میں ہیلی کاپٹر کے اترنے کے بعد سرکردہ لیڈروں سے ملاقات کے بعد مسٹرمودی روڈ شو میں حصہ لینے کے لیے نکلے۔خاص بات یہ تھی کہ اس بار وزیراعظم نے کھلی جیپ سے عوام کا استقبال کیا۔ جیپ میں ہماچل پردیش بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر سریش کشیپ کے علاوہ وزیر اعلی جئے رام ٹھاکر کو جگہ ملی تھی۔وزیراعظم کے استقبال کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد جمع تھی۔ روایتی لباس میں ملبوس ہماچل کے لوگوں نے کھلے دل سے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ روڈ شو کے دوران ہماچل ٹوپی پہنے وزیر اعظم کے چہرے پر مسکراہٹ تیر رہی تھی۔ ہماچل ان کے لیے نیا نہیں ہے۔ ملک میں مشہور ’اگنی پتھ یوجنا‘ شروع ہونے کے بعد مسٹر مودی ہماچل آئے ہیں۔ روڈ شوکے دوران ریاست کے مختلف ثقافتی گروپس اپنے روایتی ملبوسات اور موسیقی کے آلات کے ساتھ وزیر اعظم کا استقبال کرتے ہوئے نظرآئے۔وزیر اعظم ملک کے چیف سکریٹریوں کی آل انڈیا کانفرنس کا بھی آغاز کرنے والے ہیں۔ اس کا انعقاد کرکٹ اسٹیڈیم میں کیاجارہا ہے۔واضح رہے کہ وزیر اعظم کو دھرم شالہ میں رات گزارنی ہے۔ ایسے مواقع بہت کم ہوتے ہیں، جب ملک کا وزیر اعظم دارالحکومت کے علاوہ کسی اور ریاست میں رات گزارتا ہو۔قابل ذکر ہے کہ شملہ میں قیام کے دوران وزیر اعظم مودی نے ہماچل کے وزیر اعلی جئے رام ٹھاکر کی تعریف کی تھی۔ اس قیام میں یہ بھی لگتا ہے کہ وزیر اعلیٰ ٹھاکر کا سیاسی قد بڑھے گا۔قبل ازیں وزیر اعظم کا استقبال وزیر اعلیٰ سمیت دیگر رہنماؤں نے کیا۔

 

Related Articles