’سی آئی ڈی‘ کے انسپکٹر حقیقی زندگی میں لٹ گئے
ممبئی،جون۔مشہور بھارتی ڈرامہ سیریل ’سی آئی ڈی‘ میں انسپکٹر کا کردار ادا کرنے والے ہریشکیش پانڈے المعروف انسپکٹر سچن حال میں ممبئی میں اپنی قیمتی اشیا، رقم اور اہم دستاویز سے محروم ہوگئے۔ہریشکیش پانڈے کے ساتھ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنے خاندان کے ساتھ ایک بس میں تفریحی دورے پر تھے کہ اس دوران ان کی قیمتی اشیاء اور نقد رقم چرالی گئی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے خاندان کے ساتھ ممبئی کے علاقے کولابا سے تاردیو جانے کے لیے شام کے وقت بس میں سوار ہوئے، تاہم جب بس سے اتر کر اپنا بیگ چیک کیا تو اس میں سے نقد رقم، کریڈٹ و دیگر کارڈز سمیت اہم دستاویزات غائب تھیں، جس کا پولیس کے پاس مقدمہ درج کروادیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ڈرامہ سیریل میں انسپکٹر کا کردار ادا کرتے ہیں اس لیے یہ واقعہ ایک مذاق بن گیا ہے اور لوگ ان پر ہنس رہے ہیں۔انہوں نے اس کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ حقیقی زندگی میں بھی وہ لوگوں کے اس قسم کے مسائل حل کرواتے رہے ہیں لیکن اب خود ایسے ہی واقعے کا شکار ہوگئے۔