ملک کا پہلا ڈرون کوالٹی سرٹیفکیٹ جاری

نئی دہلی ، جون ۔ڈرون بنانے والی کمپنی ٹیک ورلڈ ایوی ایشن پرائیویٹ لمیٹڈ کو ملک کا پہلا ڈرون کوالٹی سرٹیفکیٹ دیا گیا ہے۔ اس کے بعد رواں ماہ ملک کو تقریباً ساڑھے تین سو سرٹیفائیڈ ڈرون ملنے کی راہ ہموار ہو گئی ۔ مرکزی شہری ہوابازی کے وزیر جیوترادتیہ سندھیا نے آج یہاں وزارت میں منعقدہ ایک مختصرتقریب میں یہ سرٹیفکیٹ پیش کیا ۔ مسٹر سندھیا نے کہا کہ ڈرون کو کوالٹی کا یہ سرٹیفکیٹ درخواست کے 34 دن کے اندر دیا گیا ہے، جبکہ ڈرون پالیسی میں اس کے لیے 75 دن کی مدت مقرر کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مزید 14 ڈرون بنانے والے اداروں کی درخواستیں زیر غور ہیں ۔ امید ہے کہ انہیں بھی ڈیڈ لائن سے پہلے سرٹیفیکیٹ مل جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ آٹھ ماہ میں شہری ہوا بازی کی وزارت نے پالیسی بنانے سے لے کر عمل درآمد تک تمام شعبوں میں بہت تیزی سے کام کیا ہے۔کوالٹی کونسل آف انڈیا کے ڈائریکٹر ڈاکٹر منیش پانڈے نے کہا کہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی روڑکی اور کانپور کے ماہرین کو شامل کرکے معیار کے اصول اور دستورالعمل تیار کیا گیا ہے۔ اس میں وزارت شہری ہوا بازی، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن، انڈسٹری اور دیگر سرٹیفیکیشن اداروں سے بھی مدد لی گئی ۔ ٹیک ورلڈ ایوی ایشن پرائیویٹ لمیٹڈ نے تمام معیارات کو پورا کیا ہے اور سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے والی پہلی کمپنی بن گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون بنانے والے اپنی مصنوعات کی تصدیق کے لیے کسی بھی وقت کوالٹی کونسل آف انڈیا سے رجوع کر سکتے ہیں۔

Related Articles