سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے لالو پرساد یادو کے پاسپورٹ کو ریلیز کرنے کی دی ہدایت ، علاج کیلئے جاسکیںگے سنگاپور
رانچی ، جون ۔جھارکھنڈ میں رانچی واقع سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے اربوں روپے کے چارہ گھوٹالہ معاملے میں سزا یافتہ راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی ) سربراہ لالو پرساد یادو کے پاسپورٹ کو ریلیزکرنے کی ہدایت دی ہے ۔عدالت کی ہدایت کے بعد لالو پرساد اپنے پاسپورٹ کی تجدید کرا پائیںگے اور علاج کیلئے سنگا پور جاپائیںگے۔مسٹر یادو کے وکیل پربھات کمار نے بتایاکہ سی بی آئی کی اسپیشل کورٹ نے پاسپورٹ ریلیز کرنے کے سلسلے میں دائر عرضی کو منظور کرلیا اور پاسپورٹ ریلیز کرنے کی ہدایت دی ہے ۔انہوں نے بتایاکہ لالو پرساد یادو کے پاسپورٹ کی ویلیڈیٹی ختم ہورہی تھی اور اس وجہ سے اسے تجدید کرانے کیلئے عرضی داخل کی گئی تھی ۔ عدالت میں داخل عرضی میں اس بات کی بھی جانکاری دی گئی تھی کہ تجدید کرانے کے پیچھے کا مقصد لالو پرساد کو علاج کیلئے سنگاپور جاناہے ۔ ان کی کڈنی خراب ہے ۔ اور سنگا پور میں انہیں اپنی کڈنی کا ٹرانسپلانٹ کراناہے ۔ اس کے لئے سنگا پور کے ایک اسپتال میں اپوائنمنٹ لینا ہے ، لیکن اپوائنمنٹ کے لئے پاسپورٹ کا اپٹوڈیٹ ہونا لازمی ہے ۔غورطلب ہے کہ چارہ گھوٹالہ کے پانچ معاملوں میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے لالو پرساد یادو کو سزا سنائی ہے ، لیکن سزا کی آدھی مدت مکمل ہونے کے بعد ہائی کورٹ نے لالو پرساد کو مع شرط ضمانت دی ہے ، جس میں شرط یہ تھی کہ انہیں اپنا پاسپورٹ سی بی آئی کورٹ میں جمع کرانا ہے اور موبائل نمبر نہیں بدلنا ہے ۔