مانچسٹر: چاقو سے مسلح شخص کا حملہ، 14 سالہ لڑکا قتل، ماں شدید زخمی
لندن ،جون۔ مانچسٹر میں گزشتہ شب مائلز پلاٹنگ کے علاقے میں واقع گھر میں ایک14سالہ لڑکے کو چاقو مارکر قتل اور اس کی ماں کو شدید زخمی کردیا گیا۔ واردات گزشتہ شب تقریباً ساڑھے نو بجے ہوئی، پولیس کا خیال ہے کہ ایشیائی حملہ آور متاثرہ افراد کو جانتا تھا،پولیس نے حملہ آور کا حلیہ بیان کرتے ہوئے اس کے نظر آنے کی صورت میں قریب جانے کی بجائے999 پر کال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پولیس کے مطابق اسے گھریلو تشدد کے واقعہ کے حوالے سے طلب کیا گیا تھا جہاں دو زخمی افراد ملے۔ لڑکا ہسپتال پہنچنے کے ایک گھنٹے بعد انتقال کرگیاجب کہ خاتون کی حالت اب خطرے سے باہر ہے، ایک پڑوسی کے مطابق عورت تین بچوں کے ساتھ یہاں رہتی تھی، یہ ایک خاموش خاندان تھا اور بچے خاصے باادب تھے۔ ڈیٹیکو جینا برینڈڈ کا کہنا ہے کہ حملہ آور کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا، پولیس کے مطابق حملہ آور40 کی دہائی کے وسط میں ہے، اس کا قد اور جسمانی ساخت درمیانی ہے۔