برطانیہ کا یوکرین کو طویل فاصلے پر ہدف کو نشانہ بنانیوالے میزائل دینے کا اعلان
لندن ،جون۔ برطانیہ نے روس کی جانب سے مغربی ممالک کو دھمکی کے باوجود یوکرین کو پہلی بار طویل فاصلے پر ہدف کو نشانہ بنانے والے میزائل سسٹم بھیجنے کا اعلان کر دیا۔ برطانوی وزیر دفاع بین ویلیس نیایک بیان میں کہا کہ برطانیہ یوکرین کو روس کیخلاف اپنے دفاع کیلئے بیک وقت متعدد راکٹ فائر کرنے والے سسٹم ایم 270بھیجے گا جن کے استعمال کیلئے یوکرینی فوج کو آنے والے ہفتوں میں تربیت فراہم کی جائے گی ،ان ہتھیاروں کی فراہمی کا مقصد یوکرین کو روسی حملے کے خلاف اپنے دفاع کی صلاحیت مضبوط بنانا اور طویل فاصلے پر ہدف کو نشانہ بنانے کے قابل بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح روس نے اپنے حربے تبدیل کیے اور جس طرح یوکرینی شہروں پر بمباری کر رہی ہیں اسی طرح ہمیں بھی یوکرین کی حمایت اور مدد میں تبدیلی لانا ہو گی ،تاہم برطانوی حکومت نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کتنے ہتھیار بھیجے گی۔ تاہم کہا ہے کہ یوکرین کی فوج آنے والے ہفتوں میں برطانیہ میں لانچرز استعمال کرنے کی ٹریننگ حاصل کرے گی۔ ایک سے زائد فائر کرنے والا راکٹ سسٹم ایک منٹ کے اندر سطح سے سطح پر مار کرنے والے 12 میزائل فائر کر سکتا ہے اور 50 میل (80 کلومیٹر) کے اندر اہداف کو درست نشانہ بنا سکتا ہے اور یہ مریکا کے ہائی موبیلٹی آرٹلری راکٹ سسٹم (ایچ آئی ایم اے آر ایس) ایم 142کے برابر ہے۔