امریکہ میں فائرنگ کا ایک اور واقعہ؛ فلاڈیلفیا میں تین افراد ہلاک، 11 زخمی
فلاڈیلفیا،جون۔امریکہ کی ریاست پینسلوینیا کے شہر فلاڈیلفیا میں ہفتے کی شام ہونے والے فائرنگ کے واقعے میں تین افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوئے ہیں۔پولیس کے مطابق شہر کی مشہور شاہراہ پر متعدد افراد نے وہاں موجود دیگر لوگوں پر فائرنگ شروع کر دی تھی جس کی زد میں کئی افراد آئے۔پولیس انسپکٹر ڈی ایف پیس نے میڈیا کو بتایا کہ اس واقعے میں دو مرد اور ایک خاتون ہلاک ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے اس دوران متعدد افراد کو فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا۔پیس کا کہنا تھا کہ شہر کی اس سڑک پر ہر ہفتے کے اختتام پر سینکڑوں لوگ تفریح کے لیے جمع ہوتے ہیں۔ اسی دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس افسران نے ایک حملہ آور پر فائرنگ کی البتہ یہ یقین سے نہیں کہا جا سکتا کہ اسے گولی لگی یا نہیں۔پیس نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے دو ہتھیار ملے ہیں۔ ان کے مطابق پولیس مقامی دکانوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے اتوار کو مزید تفتیش جاری رکھے گی۔پولیس کے مطابق ابھی تفتیش کے دوران کئی سوالات کا جواب تلاش کرنا باقی ہے۔امریکہ میں فائرنگ کے واقعات میں انسانی جانوں کے ضیاع کے واقعات تواتر سے رپورٹ ہو رہے ہیں۔ حال ہی میں امریکہ کی ریاست اوکلاہوما میں ایک اسپتال کی عمارت میں فائرنگ کے واقعے میں چار افراد ہلاک ہوئے تھے۔اس سے قبل ریاست ٹیکساس کے شہر یووالڈی میں ایک شخص نے پرائمری اسکول میں فائرنگ کر کے 19 بچوں اور دو اساتذہ کو ہلاک کر دیا تھا۔