ٹرمپ کی دوسری میعاد کے لیے منصوبوں کا اعلان
واشنگٹن، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی دوسری میعاد کے لئے متعدد بڑے منصوبوں کا اعلان کیا گیا ہے۔
ان منصوبوں کا اعلان ری پبلیکن نیشنل کنونشن (آر این سی) کے انعقاد سے قبل صدارتی انتخابی مہم کے دوران کیا گیا ہے۔
‘فائٹنگ فار یو’ کےبینر تلے ان ترجیحی منصوبوں میں ‘ملازمتوں پر توجہ مرکوز کرنا، کووڈ ۔19 کی وبا کو ختم کرنا، طبی نگہداشت کی فراہمی، تعلیم، جدت طرازی، خارجہ پالیسی اور دیگر شعبوں کے منصوبے شامل ہیں۔
دوسری میعاد کے لیے پھرسے صدر بننے پر مسٹر ٹرمپ کی ترجیحات میں 10 ماہ میں 10 کروڑ نئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے، رواں سال کے آخر تک کورونا وائرس کے خلاف ویکسین تیار کی جانے، چاند پر مستقل طور پر انسانی موجودگی اور مریخ پر پہلا انسانی مشن بھیجے جانے کے منصوبے شامل ہیں۔
اعلان کے دوران یہ بھی کہا گیا کہ مسٹر ٹرمپ ‘امریکہ سب سے مقدم’ کی خارجہ پالیسی جاری رکھیں گے۔
جمعرات کو صدر ٹرمپ اپنی تقریرمیں ان منصوبوں کو ایک بار پھر اجاگر کریں گے۔ مسٹر ٹرمپ آئندہ ہفتوں میں پالیسی پر مبنی تقاریر کے ذریعے اپنے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی معلومات شیئر کریں گے۔
صدرٹرمپ جمعرات کی شب وہائٹ ہاؤس کے ساؤتھ لان میں منعقد ہونے والے 2020 کے ریپبلکن نیشنل کنونشن سے خطاب کریں گے۔ ریپبلکن کے صدارتی اور نائب صدارتی امیدواروں کا انتخاب ری پبلیکن نیشنل کنونشن کے دوران کیا جائے گا۔