ملک کے عوام یوگا ڈے کے پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں :مودی
نئی دہلی، مئی۔وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کے عوام سے یوگا ڈے کی تیاریوں میں لگنے کی اپیل کرتے ہوئے سبھی سے اس میں پورے جوش کے ساتھ بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور یوگ کو اپنی زندگی میں شامل کرنے کی اپیل کی ہے۔مسٹر مودی نے اتوار کو آکاشوانی پر اپنے ماہانہ پروگرام من کی بات میں ملک کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ 21 جون کو آٹھواں بین الاقوامی یوم یوگ منایا جارہا ہے اور اس بار کا موضوع انسانیت کےلئے یوگ رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ سبھی کورونا سے متعلق احتیاط برتتے ہوئے یوم یوگ سے متعلق پروگراموں میں حصہ لیں اور اس کی تیاریوں میں لگ جائیں۔اس بارے میں یوم یوگ سے متعلق خصوصیات کو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے کہا،’’اس بار ملک و غیر ملک میں یوم یوگ پر کچھ نئی چیزیں کی جارہی ہیں اور انہی میں سے ایک ہے گارڈین رنگ یہ ایک بڑا ہی انوکھا پروگرام ہوگا۔اس میں سورج کی رفتار کا جشن منایا جائےگا،یعنی سورج جیسےجیسے سفر کرے گا،زمین کے الگ الگ حصوں سے ،ہم یوگ کے ذریعہ اس کا خیر مقدم کریں گے،الگ الگ ملکوں میں ہندوستانی مشن میں وہاں کے مقامی وقت کے مطابق طلاع آفتاب کے وقت یوگ پروگرام منعقد کریں گے۔ایک ملک کے بعد دوسرے ملک سے پروگرام شروع ہوگا۔مشرق سے مغرب کا سفر جاری رہے گا، پھر یونہی چلتا رہے گا۔‘‘انہوں نے کہا کہ اس بار ’امرت مہوتسو‘ کو دھیان میں رکھتے ہوئے ملک کے 75 اہم مقامات پر ’بین الاقوامی یوم یوگ‘ کا انعقاد ہوگا۔اس موقع پر کئی تنظیم اور ملک کے عوام اپنی اپنی سطح پر اپنے اپنے علاقے کی خاص جگہوں پر کچھ نہ کچھ نیا کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔انہوں نے کہا،’’میں آپ سے بھی یہ اپیل کروں گا،اس بار یوم یوگ منانے کےلئے ،آپ اپنے شہر،قصبے یا گاؤں کی کسی ایسی جگہ کا انتخاب کریں ،جو سب سے خاص ہو۔یہ جگہ کوئی قدیم مندر اور سیاحتی مرکز ہوسکتا ہے،یا پھر کسی مشہور ندی ،جھیل یا تالاب کا کنارا بھی ہوسکتا ہے۔اس سے یوگ کے ساتھ ساتھ آپ کے علاقے کی پہچان بھی بڑھے گی اور سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔‘‘مسٹر مودی نے کہا کہ اس وقت یوم یوگ کے سلسلے میں 100 دن کا کاؤنٹ ڈاؤن بھی جاری ہے۔دہلی میں 100 ویں دن اور 75 ویں دن کے کاؤنٹ داؤن کا پروگرام ہوئے ہیں۔ وہیں ،آسام کے شیو ساگر میں 50 ویں اور حیدر آباد میں 25 ویں کاؤنٹ داؤن منعقد کئے گئے۔انہوں نے کہا،’’میں چاہوں گا کہ آپ بھی اپنے یہاں ابھی سے یوم یوگ کی تیاریاں شروع کردیجئے۔زیادہ سے زیادہ لوگوں سے ملئے،ہر کسی کو یوم یوگ کے پروگرام میں جڑنے کےلئے درخواست کیجئے،تحریک دیجئے۔مجھے پورا بھروسہ ہے کہ آپ سبھی یوم یوگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے،ساتھ ہی یوگ کو اپنی روزانہ کی زندگی میں بھی اپنائیں گے۔‘‘