امریکہ میں پھر فائرنگ، 2 افراد ہلاک، 8 زخمی
شکاگو،مئی۔ امریکا کے شکاگو میںپھر فائرنگ کاواقعہ ہوا ہے جس میں 2افراد ہلاک اور 8زخمی ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق مقامی پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ رات گئے شکاگو کے شمالی حصے میں ہوا جہاں ایک شخص نے اندھادھند فائرنگ کی۔کارروائی کے بعد حملہ آور فرار ہوگیا،جسے گرفتار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا ہے اور اس سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک امریکی ریاست نیویارک کے شہر بفیلو میں گزشتہ ہفتے ہونے والے قتل عام کی وڈیو کو اپنے پلیٹ فارم سے ہٹانے میں ناکام ہوگئی۔ ادارے کا کہنا تھا کہ ان کے اور ٹیک ٹرانسپیرنسی پروجیکٹ کی جانب سے کیے جانے والے ٹیسٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے۔ فیس بک کا کہنا تھا کہ یہ ایک دہشت گردی کا درد ناک واقعہ ہے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایسے سسٹم پر کام کر رہا ہے جو واقعے کی وڈیو کی نقول کی خود بخود نشان دہی کر لے گا۔ کمپنی اپنے صارفین کو وڈیو دیکھنے سے بچانے کیلئے کوششیں کر رہی ہے۔ گزشتہ ہفتے امریکی ریاست نیو یارک کے شہر بفیلو کی ایک سپر مارکیٹ میں سفید فام حملہ آور نے فائرنگ کر کے 10 افراد کو ہلاک اور 3کو زخمی کر دیا تھا۔