نواز الدین صدیقی نے سونالی سیگل کو کیسے حیران کیا؟
ممبئی،مئی۔ بالی ووڈ فلم پیار کا پنچنامہ سے ناظرین کے دلوں میں جگہ بنانے والی اداکارہ سونالی سیگل نے بولی ووڈ کے معروف اداکار نواز الدین صدیقی کے ساتھ ایک خاص یاد تازہ کردی۔میڈیا کے مطابق اداکارہ سونالی سیگل آنے والی فلم ’نورانی چھرے‘ میں نوازالدین صدیقی اور نوپور سانون کے ساتھ کام کریں گی۔سونالی سیگل کا کہنا ہے کہ میرا اور کھانے کا گہرا رشتہ ہے، جو بھی مجھے جانتا ہے اس کو یہ بھی پتا ہے کہ مجھے بچپن سے ہی کھانے کا جنون ہے، میں اچھا کھاتی ہوں اور ساتھ ورزش بھی کرتی ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں جب بھی کسی کو یہ کہتی ہوں کے میں کھانے کی شوقین ہوں تو کوئی بھی مجھ پر یقین نہیں کرتا، شوٹنگ کے دوران بھی گھر کے روایتی کھانا کھانا پسند کرتی ہوں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اترپردیش کے ایک دور دراز کے علاقے میں ’نورانی چہرے‘ کی شوٹنگ کررہے تھے جہاں پر کھانے کا بہت مسئلہ ہوتا تھا، وہاں پر کھانے کے لئے فون پر آرڈر کرنے کی کوشش کی لیکن نیٹ ورک نہیں مل رہا تھا، پروڈکشن ٹیم کو بھی کھانا لانے میں ایک دو گھنٹے لگ جاتے تھے، تب میں نے سوچا خود ہی ہوٹل سے کھانا لے آؤں، اس وقت تو نواز الدین صدیقی نے کچھ نہیں کہا لیکن اگلے دن دوپہر کے کھانے پر ان کے عملے نے مجھے گھر کے بنے ہوئے کھانے کی تھالی دی، جس نے میری روح کو چھو لیا۔سونالی سیگل نے کہا کہ نواز کے ساتھ ہمیشہ ایک لڑکا رہتا ہے جو انہیں ’ان کی ماں کی جانب سے دیئے گئے دیسی گھی‘ اور تمام تازہ اجزا سے کھانا پکا کر دیتا ہے۔اداکارہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ نواز الدین صدیقی نے انہیں کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ کھانا بھرپور کھانا چاہیے، باہر کا کھانا کتنا اور کب تک کھائیں گے، مجھے یاد ہے اس دن میں نے بہت کھانا کھایا۔جب نوازالدین کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربے کے بارے میں اداکارہ سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ فلم میرے دل کے بہت قریب ہے کیوں کہ اس کی کہانی اور بطور ایک ٹیم بہت خوشگوار تجربہ تھا۔انہوں نے نواز الدین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے آپ میں اداکاری کے اسکول کی طرح ہیں، مجھے ان سے بہت چیزیں سیکھنے کو ملیں۔