سکم ملک کی ترقی پذیرریاستوں میں سے ایک ہے: کشن ریڈی
نئی دہلی، مئی۔ شمال مشرقی خطے کی ترقی کے مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے کہا ہے کہ سکم ملک کی سب سے ترقی پذیر ریاستوں میں سے ایک ہے اور اس نے بہت سے شعبوں میں اپنا مقام بنایا ہے۔سکم کے 47ویں یوم ریاست کے موقع پر کل رات یہاں منعقدہ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے زیادہ تر اہداف کو حاصل کرنے میں سکم سرفہرست ہے۔ انہوں نے ایک مثالی ریاست ہونے پر سکم کی ریاست کی ستائش کی اور کہا کہ سکم نے دوسری ریاستوں کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا ’ایک بھارت شریشٹھہ بھارت‘ کا ویژن شمال مشرقی خطہ کی ترقی میں ایک حقیقی کامیابی ہے۔ سکم کے 47ویں یوم تاسیس کی تقریبات جو 16 مئی 2022 کو سکم کے دارالحکومت گنگٹوک میں شروع ہوئی تھیں، کل رات قومی دارالحکومت میں ایک شاندار تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوئیں۔ ’ سکم فیسٹیول‘ پروگرام کا انعقاد سکم ریاست کے قیام کے بعد پہلی بار کسی تقریب کو اس طرح قومی سطح پر منایا گیا۔حکومت سکم کے محکمہ ثقافت کے فنکاروں نے اس خصوصی موقع پر مختلف ثقافتی پرفارمنس دی۔ سامعین کو مختلف کمیونٹیز کے لوک رقص، سکم کی تین اہم برادریوں کے رقص اور حب الوطنی کے گیت پیش کیے گئے۔ سکم کے مشہور ’سنگھی چھام‘ (سنو لائین ڈانس) اور ’یاک چھم‘ نے تقریب میں حاضرین کو مسحور کردیا۔یہ تقریب مرکزی وزارت ثقافت کی ایک پہل تھی، جس کا اہتمام محکمہ ثقافت اور حکومت سکم کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔