گجرات اسمبلی انتخابات کے لیے بی جے پی کے 160 امیدواروں کا اعلان

نئی دہلی، نومبر۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے گجرات اسمبلی انتخابات کے لیے آج اپنے 160 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی جس میں 91 چہرے نئے ہیں۔ وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل گھاٹلوڈیا سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر بھوپیندر یادو، مرکزی وزیر منسکھ مانڈویہ، پارٹی جنرل سکریٹری ترون چگھ اور ریاستی بی جے پی صدر سی آر پاٹل نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں یہ فہرست جاری کی۔ بدھ کو پارٹی کی مرکزی الیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں ان ناموں کی منظوری دی گئی۔ بی جے پی صدر جگت پرکاش نڈا نے وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں اس میٹنگ کی صدارت کی۔ اس میٹنگ میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر داخلہ امت شاہ اور دیگر اراکین موجود تھے۔پارٹی کی پہلی فہرست جاری ہونے سے پہلے سابق وزیر اعلیٰ وجے روپانی اور سابق نائب وزیر اعلیٰ نتن پٹیل نے الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کیا ہے۔مسٹر بھوپیندر یادو نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ پہلے مرحلے کے لیے 84 اور دوسرے مرحلے کے لیے 76 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان میں سے 13 درج فہرست ذات، 24 درج فہرست قبائل اور 14 خواتین امیدوار ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس بار 69 موجودہ ایم ایل اے کو ہی ٹکٹ دیا گیا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ وجے روپانی، سابق نائب وزیر اعلیٰ نتن پٹیل، وزیر بھوپیندر چوڑاسما، سوربھ پٹیل، پردیپ جڈیجہ، آر سی فالدو وغیرہ نے صدر جگت پرکاش نڈا کو خط لکھ کر کہا ہے کہ اس بار وہ پارٹی کی تنظیم کے لیے کام کریں گے اور الیکشن نہیں لڑیں گے۔مسٹریادو نے کہا کہ پہلی فہرست میں امیدواروں میں چار ڈاکٹر اور چار پی ایچ ڈی بھی ہیں۔ زیادہ تر چہرے نوجوان اور مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے ہیں۔مسٹرسی آر پاٹل نے کہا کہ 18 رکنی کمیٹی نے ہر اسمبلی حلقہ میں جاکرسروے کیا اور 4-4 ناموں کا ایک پینل بنایا، جسے سنٹرل الیکشن کمیٹی نے منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ اس بار بی جے پی سب سے زیادہ سیٹیں کافی زیادہ فرق سے جیتے گی اورسب سے زیادہ ووٹ حاصل کرے گی۔182 رکنی گجرات اسمبلی کے انتخابات یکم اور 5 دسمبر کو دو مرحلوں میں ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو ہوگی۔

 

Related Articles