نیٹو میں شمولیت کے لیے سویڈن کی درخواست ایک تاریخی فیصلہ ہے : پینٹاگان

واشنگٹن،مئی۔امریکی وزیر دفاع لائڈ آسٹن نے سویڈن کی جانب سے نیٹو اتحاد میں شمولیت کی درخواست کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے اسے ایک تاریخی فیصلہ قرار دیا۔امریکی وزارت دفاع کے مطابق آسٹن نے گذشتہ روز بدھ کو اپنے سویڈش ہم منصب پیٹر ہولٹکویسٹ کے ساتھ ان کے ملک کی مذکورہ درخواست پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں شخصیات نے یورپی میں امن و استحکام اور نیٹو اتحاد کے ذریعے یک جہتی کی اہمیت پر زور دیا۔امریکی وزیر دفاع نے باور کرایا کہ ان کا ملک نیٹو اتحاد کی رکنیت کے حصول کے حوالے سے سویڈن کی درخواست کی بھرپور سپورٹ کرتا ہے۔اس موقع پر سویڈن کے وزیر دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ روسی میڈیا کے بس میں اب یہ نہیں رہا کہ وہ پروپیگنڈے کے ذریعے یوکرین میں روسی افواج کی جانب سے مرتکب جنگی جرائم پر پردہ ڈال سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیٹو اتحاد میں سویڈن کی رکنیت سویڈش مسلح افواج کے لیے تربیت اور عملی موزونیت کے لیے مفید ثابت ہو گی۔اس سے قبل فن لینڈ اور سویڈن نے بدھ کے روز نیٹو اتحاد میں شمولیت کے لیے سرکاری سطح پر درخواست پیش کی۔یاد رہے کہ نیٹو اتحاد میں یہ توسیع ماسکو کا پارہ چڑھاتی ہے جس پر روس کو تشویش لاحق ہے۔ ماسکو بارہا نیٹو اتحاد میں توسیع کو مسترد کر چکا ہے۔فن لینڈ کی شمولیت نیٹو اور روسی اراضی کے درمیان مشترکہ سرحد کو 440 میل سے بڑھا کر 1200 میل سے زیادہ کر دے گی۔

Related Articles