کارتی چدمبرم کے کئی ٹھکانوں پر سی بی آئی کے چھاپے
نئی دہلی، مئی۔مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے بیرون ملک سے ملنے والے فنڈز کے سلسلے میں منگل کو سابق مرکزی وزیر خزانہ اور کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم کے نو احاطوں اور دفاتر کی تلاشی لی۔ سی بی آئی ذرائع نے منگل کو یہ معلومات دی۔ ذرائع نے بتایا کہ سی بی آئی اہلکار چنئی سمیت پورے ملک میں کارتی کے کئی ٹھکانوں پر تلاشی مہم چلا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ چھاپے بیرون ملک سے مبینہ طور پر فنڈز ملنے کے معاملے کی بنیاد پر مارے جا رہے ہیں۔ دریں اثنا چھاپے کی تفصیلات دیتے ہوئے مسٹر چدمبرم نے ٹویٹ کیاکہ آج صبح سی بی آئی کی ٹیم نے چنئی میں میری رہائش گاہ اور دہلی میں میری سرکاری رہائش گاہ کی تلاشی لی۔ ٹیم نے مجھے ایک ایف آئی آر کی کاپی دکھائی جس میں میرا نام بطور ملزم نہیں ہے۔تلاشی ٹیم کو نہ تو کچھ ملا اور نہ ہی قبضے میں لیا گیا۔ میں کہہ سکتا ہوں کہ چھاپے کا یہ وقت دلچسپ ہے۔ کانگریس کے لیڈر اور لوک سبھا میں پارٹی کے رکن پارلیمنٹ کارتی چدمبرم نے ٹویٹ کیاکہ میں یہ گننا بھول گیا کہ یہ کتنی بار ہوا ہے۔ یہ ایک ریکارڈ بنے گا۔ دریں اثنا کانگریس کے محکمہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہاکہ مسٹر پی چدمبرم ایک قوم پرست اور محب وطن ہیں اور ملک کے تئیں ان کی وابستگی بلا شبہ ہے۔ سی بی آئی نے جس طرح سے سابق وزیر داخلہ اور وزیر خزانہ کے خلاف اسپانسرڈ اور بیہودہ الزامات لگائے ہیں، اس سے سیاسی سطح میں گراوٹ ظاہر ہوتی ہے۔ سی بی آئی نے منگل کو سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم کے دہلی، ممبئی اور چنئی میں کئی مقامات پر چھاپے مارے اور بیرون ملک سے ملنے والی رقوم کے سلسلے میں ایک نیا معاملہ درج کیا۔ سی بی آئی ذرائع نے بتایا کہ ایم پی کارتی کے خلاف براہ راست/ بالواسطہ طور پر ان سے منسلک کمپنیوں کو بیرون ملک سے غیر قانونی فنڈ حاصل کرنے کے لئے ایک نیا معاملہ درج کیا گیا ہے۔ ممبئی کے تین مقامات بھی اس چھاپے میں شامل ہیں۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے سال 2017 میں بیرون ملک سے ملنے والے فنڈ فارن انویسٹمنٹ پروموشن بورڈ (ایف آئی پی بی) کی منظوری میں مختلف بے ضابطگیوں پر کارتی چدمبرم کے کئی مقامات پر چھاپے مارے گئے تھے۔