نامور فلم ساز کبیر خان کا شاہ رخ سے مدد لینے کا انکشاف
ممبئی،مئی۔بھارت کے نامور فلم ساز کبیر خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ زمانہ طالبِ علمی میں اپنے سینئر شاہ رخ خان سے مدد لیا کرتے تھے۔ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان اور کبیر خان نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اے جے کے ماس کمیونیکیشن ریسرچ سینٹر (ایم سی آر سی) سے تعلیم حاصل کی ہے جہاں شاہ رخ خان ان کے سینیئر تھے۔ حالیہ انٹرویو کے دوران کبیر خان نے بتایا کہ وہ اپنے سینئر شاہ رخ خان کے نوٹس سے مدد لیا کرتے تھے۔ اپنے کورس سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں نے ایم سی آر سی میں کورس کرنے کا فیصلہ کیا تھا، کیونکہ اس لمحے میں معاشیات یا قانون کی ڈگری حاصل کرنے کے بارے میں سوچ رہا تھا۔ کبیر نے کہا کہ ابتدائی کچھ دنوں کے اندر ہی مجھے یہ اندازہ ہوا کہ یہی وہ چیز ہے جو میں کرنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ مجھ سے قبل اس انسٹیٹیوٹ کی مشہور ترین شخصیت شاہ رخ خان تھے، وہ فلم ساز نہیں اداکار بنے، لیکن وہ وہاں میرے سینئر تھے۔ کیبر کا کہنا تھا کہ وہ زمانہ طالبِ علمی کے دوران پڑھائی کے لیے شاہ رخ خان کے نوٹس سے مدد لیتے تھے، وہ شاہ رخ کو اس انڈسٹری میں آنے سے پہلے بھی جانتے تھے۔ فلم ساز نے بتایا کہ وہ اور شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان ساتھ میں ڈانس بھی کرتے تھے، جبکہ ساتھ میں ایک شو بھی کیا تھا جس کا نام ویسٹ سائیڈ اسٹوری تھا۔ خیال رہے کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ آنے سے قبل شاہ رخ خان نے ہنس راج کالج سے معاشیات کی ڈگری لی تھی۔