مانچسٹر اور برمنگھم ایئرپورٹس پر پروازوں میں تاخیر، مسافروں کو زحمت
راچڈیل،مئی۔ مانچسٹر ائر پورٹ پر 10 اور برمنگھم ائر پورٹ پر 4پروازوں کی غیر معمولی تاخیر پر سیکڑوں مسافروں کو پاسپورٹ کنٹرول میں گھنٹوں زحمت اٹھانا پڑ ی، ائر پورٹس پر لمبی قطاروں میں سیکورٹی کلیئرنس کا انتظار کرنے والیمسافروں کو پروازوں میں کمی کے باعث شدید مشکلات کا سامنا۔ مانچسٹر ہوائی اڈے پر پہنچنے والے سیاح جو چھٹیوں میں غیر ملکی سفرکا ارادہ رکھتے ہیں، کا کہنا تھا کہ سیکورٹی چیک کیلئے انہیں دو گھنٹے تک انتظار کرنے پر مجبور کیا گیا، وہ لمبی قطاروں میں گھنٹوں خوارہوتے رہے ،برمنگھم ہوائی اڈے پر بھی قطاروں میں کھڑے مسافروں نے مرکزی ٹرمنل کے باہر تک لمبی قطاروں پر شدید احتجاج کیا ہے۔ مانچسٹر اور برمنگھم ائر پورٹس پر پروازوں میں تاخیر سے مسافر اذیت کا شکار ہیں، کوویڈ پابندیوں کے خاتمے کے بعد برطانیہ کے تمام ائر پورٹس پر مسافروں کی تعداد میں اضافہ اور عملے کی قلت کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے، ٹریول چیفس کا کہنا ہے کہ دو سال کی کوویڈ رکاوٹوں کے بعد سفر کی مانگ میں زبردست اضافے سے مسائل بڑھ گئے ہیں،دو سال کی طویل بندش کے باعث ایسٹر کی چھٹیوں کیلئے لوگوں کی بڑی تعداد سفر کیلئے نکلی ہے جس سے عملے کی کمی کے مسائل سامنے آئے ہیں۔ ایزی جیٹ نے بھی موسم گرما میں اپنے سفری معاملات کیلئے منصوبوں کا اعلان کیا ہے جس کے تحت کم کیبن کریو کے ساتھ پروازیں چلائی جا سکیں گی ،مسافروں کی بڑی تعداد نے ٹویٹر سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ائر پورٹ سیکورٹی مسائل اور عملے کی کمی کے معاملات پر شدید تنقید کی ہے ،بیشتر نے اس امر کا خدشہ ظاہر کیا ہے کہ طویل قطاروں میں کھڑے ہونے کے باعث ان کی پرواز چھوٹ جانے کا خدشہ ہے۔ لوگوں نے ٹرمنل کے باہر لمبی قطاروں کی تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کرتے ہوئے بدترین ہوائی اڈے کا ایوارڈ اسٹینسڈ کو دیا ہے، برمنگھم ہوائی اڈے کے سربراہان کا کہنا ہے کہ عملے کے جاری مسائل کی وجہ سے لمبی قطاروں کا سامنا کرنا پڑا۔ وبائی مرض کے دوران تقریبا 43فیصد ملازمین بیروزگار ہو گئے تھے ،عملے کی کمی پوری کرنے کیلئے نومبر میں بھرتی مہم شروع کی گئی ہے فی الحال نئے سیکورٹی افسران تربیتی مرحلے میں ہیں ،سیاحوں کی طرف سے صبر کرنے پر ان کا شکریہ اد اکرتے ہیں، رخصت ہونے والے صارفین کے لیے ہمارا پیغام ہے کہ سیکورٹی ایکسرے اسکینرز کے سامنے اپنے بیگ سے کوئی بھی مائع، جیل، پیسٹ اور برقی اشیاء کو ہٹا کر قطاروں کو آگے بڑھانے میں ہماری مدد کریں،دوسری طرف مانچسٹر ائرپورٹ کے سربراہوں کا کہنا ہے کہ اپریل میں بھرتی مہم کے بعد ان کے پاس 500سے زیادہ نئے بھرتی ہونے والے افراد سیکورٹی اور جانچ سے گزر رہے ہیں۔