مہیش بابو کو بالی ووڈ سے متعلق بیان پر وضاحت دینی پڑ گئی

چنئی،مئی۔جنوبی بھارت سے تعلق رکھنے والے اداکار مہیش بابو کو بالی ووڈ سے متعلق بیان دینا مہنگا پڑگیا۔ تنقید کے بعد انہیں اس پر وضاحت پیش کرنی پڑ گئی۔ اپنے گزشتہ بیان میں مہیش بابو نے خطے کی سب سے بڑی فلم نگری بالی ووڈ میں کام کرنے کو وقت برباد کرنے کے مترادف قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ مجھے بالی ووڈ میں کام کرنے کی بہت مرتبہ پیشکش ہوئی، لیکن میرا نہیں خیال کہ وہ مجھے اتنا معاوضہ دے سکتے ہیں۔مہیش بابو کا یہ بھی کہنا تھا کہ جتنی عزت ہمیں یہاں (جنوبی بھارت میں) ملتی ہے وہ بہت زیادہ ہے، لہٰذا میں نے اپنی انڈسٹری چھوڑنے اور دوسری جگہ جانے کا کبھی نہیں سوچا۔تاہم تنقید کی زد میں آنے کے بعد مہیش نے ایک انٹرویو کے دوران اپنے بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ یہ کہنا چاہ رہے ہیں کہ وہ تیلگو فلم انڈسٹری کے علاوہ دوسری انڈسٹری میں کام نہیں کرنا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ تیلگو فلمیں کرنا چاہتا تھا اور یہ خواہش رہی ہے کہ یہ فلمیں پورے بھارت میں اچھی چلیں۔ مہیش کا کہنا تھا کہ ان کا یہ ماننا ہے کہ وہ اپنوں کو پیچھے چھوڑ کر دوسری انڈسٹری میں کیوں جائیں؟ انہوں نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں کہ ہماری فلمیں وہاں (شمالی بھارت) پہنچتی ہیں، ہماری فلمیں اچھا کررہی ہیں اور میرا یہ خواب بھی پورا ہورہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے ہندی فلمیں کرنے کی ضرورت نہیں، میں صرف تیلگو فلمیں کرسکتا ہوں اور یہ پوری دنیا میں دیکھی جائیں گی، آج کل ایسا ہو بھی رہا ہے۔

Related Articles