مرزا پور، دی فیملی مین ، پنچایت ؛ ایمیزان پرائم کی سپر ہٹ سیریز کے نئے سیزنز کا اعلان

ممبئی،مئی۔معروف او ٹی ٹی پلیٹ فارم ایمیزان پرائم نے سپر ہٹ ویب سیریز مرزا پور ، دی فیملی مین اور پنچایت کے نئے سیزنز سمیت 40 نئی فلموں اور ویب سیریز کا اعلان کیا ہے۔بھارتی جریدے انڈیا ٹوڈے کے مطابق ایمیزان پرائم نے جمعرات کو ممبئی میں ایک ایونٹ میں آئندہ دو سال کے دوران 40 نئے شوز اور فلموں کا اعلان کیا ہے۔مداحوں کو ان کی پسندیدہ ویب سیریز مرزا پور ، دی فیملی مین اور پنچایت جیسی دیگر سیریز کے نئے سیزنز کا بے صبری سے انتظار تھا۔ایمیزان کی جانب سے نئے سیزنز اور فلموں کے اعلان کے بعد ٹوئٹر پر شائقین نے پْرجوش ردِ عمل کا اظہار کیا۔ایک صارف نے کہا کہ وہ ان تمام سیزنز کو دیکھنے کے منتظر ہیں۔وینائک ویبھو سنگھ نے کہا کہ بھارت کے بہترین ٹی وی شوز میں سے ایک مرزا پور اپنے نئے سیزن کے ساتھ دوبارہ آ رہا ہے اور وہ بہت پْر جوش ہیں۔مکل شرما کہتے ہیں کہ ان کے پسندیدہ ترین شو کا نیا سیزن آ رہا ہے اور وہ اسے دیکھنے کے لیے بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔بھون کا کہنا ہے کہ پنچایت کے نئے سیزن کے اعلان نے ان کا دن اچھا کر دیا اور وہ اس کا انتظار کر رہے ہیں۔
مرزا پور سیزن 3:ڈرامہ، کرائم اور ایکشن سے بھرپور ٹیلی ویڑن سیریز مرزا پور 2018 میں ایمیزان پرائم کی زینت بنی تھی جس کے بعد اس نے خوب مقبولیت حاصل کی۔بعد ازاں اکتوبر 2020 میں مرزا پور کا دوسرا سیزن ریلیز ہوا تھا۔ اب ایمیزان نے ویب سیریز کے تیسرے سیزن کا اعلان کیا ہے تاہم تاریخ واضح نہیں کی گئی۔مرزا پور کی کہانی شادی کے دوران پیش آنے والے واقعات کے بعد پیدا ہونے والی صورتِ حال کے گرد گھومتی ہے۔ سیریز میں پنکج تریپاٹھی، علی فضل، شویتا تریپاٹھی اور دیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔
دی فیملی مین سیزن 3:ایکشن، کامیڈی اور ڈرامے سے بھرپور ایمیزان پرائم کی ویب سیریز دی فیملی مین کا پہلا سیزن ستمبر 2019 میں ریلیز ہوا تھا جس کے بعد جون 2021 میں اس کا دوسرا سیزن ریلیز کیا گیا تھا۔ دی فیملی مین کی کہانی ایک تفتیشی ایجنسی کے ساتھ منسلک شخص کے گرد گھومتی ہے جو ملک کو دہشت گردی سے بچانے کی کوشش کرتا ہے۔فلم میں اداکار منوج باجپائے، شارب ہاشمی، درشن کمار اور دیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔اب سیریز کا تیسرا سیزن جلد ہی ریلیز کیا جائے گا۔
پنچایت سیزن 2:کامیڈی ڈرامہ ویب سیریز پنچایت کا پہلا سیزن اپریل 2020 میں ایمیزان پرائم پر ریلیز ہوا تھا۔سیریز کی کہانی ایک انجینئرنگ گریجویٹ کے گرد گھومتی ہے جو بہتر ملازمت نہ ملنے کی وجہ سے اتر پردیش کے ایک گاؤں کے پنچایت کے دفتر میں سیکریٹری کے طور پر کام کرتا ہے۔سیریز میں نینہ گپتا، جیتیندر کمار، رگھوویر یادو اور دیگر نے اداکاری کی ہے۔ اب ایمیزان پر جلد اس کا دوسرا سیزن ریلیز ہو گا۔

Related Articles