آسکر جیتنا اداکاروں کی زندگی میں اضافے کیلئے مددگار ثابت ہوسکتا ہے، تحقیق

لاس اینجلس،اپریل۔آسکر ایوارڈ جیتنے والے زندہ اداکاروں کی موت کتنی عمر میں ہوگی؟ اس حوالے سے محققین نے ایک حیران کن تحقیق کی ہے۔تفصیلات کے مطابق آسکر ایوارڈ جیتنے والوں کی زندگیوں کے متعلق حیران کن انکشاف کرتے ہوئے محققین نے کہا ہے کہ آسکر جیتنا اداکاروں کی زندگی میں اضافے کے لیے مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔یونیورسٹی آف ٹورنٹو کے محققین نے 2111 اداکاروں کے تجزیوں پر مبنی ایک ماڈل تشکیل دیا، جو 1929 سے 2020 تک آسکر کے لیے نامزد ہوئے تھے یا کسی نامزد اداکار کے مخالف سامنے آئے تھے۔انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے سب سے معتبر ایوارڈ کے متعلق محققین کے ماڈل سے معلوم ہوا کہ وہ آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار، جو آج زندہ ہیں، ان کی موت 81.3 برس کی عمر میں متوقع ہے۔محققین نے یہ اندازہ بھی لگایا کہ ایوارڈ حاصل نہ کر سکنے والے نامزد امیدواروں کی زندگی 76.4 برس تک، اور وہ اداکار جو نامزد ہی نہیں ہو سکے، ان کی زندگی 76.2 برس تک متوقع ہے۔یہ تحقیق امریکی سائنسی جریدے پلوس وَن میں شائع ہوئی ہے، محققین کا کہنا ہے کہ تحقیق کے دوران اکیڈمی ایوارڈ یافتہ اداکار اور اداکاراؤں کی زندگی کی بقا اور کامیابی کے درمیان ایک مثبت تعلق دیکھا گیا۔انھوں نے کہا تحقیق کے نتائج بتاتے ہیں کہ اس سلسلے میں انسان کے رویوں، اس کی نفسیات، اور صحت کے دیگر ایسے عوامل جو تبدیل ہوتے رہتے ہیں، کی کتنی اہمیت ہے، اور زندگی کی طوالت پر اس کے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔واضح رہے کہ آسکر ایوارڈ یافتہ اداکاروں کی متوقع زندگی کئی سالوں سے زیرِ بحث رہی ہے، 2005 میں ہونے والی آخری تحقیق میں یہ بتایا گیا تھا کہ آسکر ایوارڈ یافتہ افراد کی زندگی تقریباً 4 سال زیادہ ہوتی ہے۔

 

 

Related Articles