90 کی دہائی کے مقابلے میں فلم سازی اب مشکل ہوگئی ہے، اجے دیوگن
ممبئی،اپریل۔بالی ووڈ کے معروف ادا کار اجے دیوگن کا خیال ہے کہ اب 90 کی دہائی کے مقابلے میں فلم سازی مشکل ہے۔اجے دیوگن نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں موجودہ دور میں فلم سازوں کو درپیش مسائل کے بارے میں بات کی ہے۔اْنہوں نے اپنی فلم’رن وے 34‘ کے پروموشنل ایونٹ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ’فلم سازی اب پہلے سے زیادہ مشکل ہے کیونکہ نئی نسل کے ساتھ چیزیں بھی بدل گئی ہیں، اب ہمارے پاس فلموں کی پشت پناہی کرنے والی کارپوریشنز ہیں، پروجیکٹس کے بجٹ بھی بڑھ رہے ہیں‘۔اْنہوں نے مزید کہا کہ’اس حوالے سے بہت محتاط رہنا ہوتا ہے کہ آپ پیسہ ضائع نہ کریں اور آج کے دور میں وقت بھی پیسہ ہے‘۔اجے دیوگن نے اچھیاور پرانے وقتوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ’پہلے، فلم سازی میں بہت مزہ آتا تھا، ہم تھوڑا بے فکر ہوتے تھے، فلم چلے گی یا نہیں اس کا کوئی دباؤ نہیں ہوتا تھا، نہ کوئی پروموشن کرنا پڑتا تھا اور نہ ہی کوئی سوشل میڈیا تھا، تو آپ کو اندازہ نہیں ہوتا تھا کہ یہ سب کیا ہو رہا ہے‘۔اْنہوں نے کہا کہ’آپ کے پاس صرف مٹھی بھر نقاد ہوتے تھے۔ لیکن اب تو سب ناقدین بن گئے ہیں اس لیے اب بہت زیادہ دباؤ ہوتا ہے‘۔اْنہوں نے مزید کہا کہ’آج ہمیں اپنے کام پر پہلے سے زیادہ توجہ دینی پڑتی ہے، ہمارے سامعین کی بین الاقوامی سینما تک رسائی کی وجہ سے اب انڈسٹری معیار کے حوالے سے بھی پہلے سے زیادہ محتاط ہوگئی ہے‘۔اْنہوں نے کہا کہ’ یہ اچھے اثرات ہیں، لیکن ہاں، بہت زیادہ دباؤ بھی ہے‘۔خیال رہے کہ فلم ’رن وے 34‘، جس میں اجے دیوگن، امیتابھ بچن، راکل پریت سنگھ اور بومن ایرانی مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، رواں سال 29 اپریل کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔