آسکر ایوارڈ یافتہ ول اسمتھ ممبئی کے نجی ہوائی اڈے پر دیکھے گئے

ممبئی ،اپریل۔آسکر ایوارڈ یافتہ ہولی وڈ اداکار ول اسمتھ جنہوں نے گزشتہ ماہ اکیڈمی ایوارڈز کے اسٹیج پر کامیڈین کرس راک کو تھپڑ مارا تھا، ہفتہ کو ممبئی کے ایک نجی ہوائی اڈے پر دیکھے گئے۔ اداکار کو ایک بڑے سائز کی سفید ٹی شرٹ میں ملبوس دیکھا گیا تھا۔ تصویر میں ول اسمتھ کے گلے میں مالا بھی دیکھا گیا تھا۔ 53 سالہ سپر اسٹار نے میڈیا نمائندوں کی طرف ہاتھ بھی ہلایا اور ان کے ساتھ تصویر لینے والے مداحوں کے ساتھ اسمتھ نے تصویریں بھی لیں۔ فی الحال اداکار کے بھارت آنے کے مقصد کے بارے میں کوئی معلومات نہیں مل سکی ہیں۔واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب اسمتھ نے بھارت کا دورہ کیا ہو۔ انہوں نے اپنی فیس بک واچ سیریز کے سلسلے میں 2019 میں ہریدوار کا دورہ کیا تھا اور ممبئی میں اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2 میں اپنے کیمیو کے لیے بھی شوٹ کیا تھا۔ اس کے علاوہ اسمتھ، آسکر کے تھپڑ والے واقعے کے بعد اسپاٹ لائٹ سے دور ہیں۔ خیال رہے کہ 2022 کی آسکر تقریب میں بہترین دستاویزی فیچر کا ایوارڈ پیش کرتے ہوئے، کرس راک نے اسمتھ کی اہلیہ جاڈا پنکیٹ اسمتھ کے گنجے پن کا مذاق اڑایا تھا۔ راک نے کہا تھا کہ وہ پنکیٹ اسمتھ کو جی آئی جین 2 میں دیکھنے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ جاڈا ایلیوپیشیا جیسی بیماری میں مبتلا ہیں، اس لیے جب کرس نے پنکیٹ کا مذاق اڑایا تب اسمتھ نے جذباتی ہوکر راک کو تھپڑ مارا تھا۔ اپنا پہلا آسکر قبول کرتے ہوئے اسمتھ نے اکیڈمی اور ساتھی نامزد امیدواروں سے معذرت کی لیکن راک کا ذکر نہیں کیا۔ تاہم، اپنے غیر اخلاقی رویے کے لیے ردعمل ملنے کے بعد اسمتھ نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر کرس راک اور اکیڈمی کیلیے ایک معافی نامہ جاری کیا۔اکیڈمی کے بیان کے فوراً بعد اسمتھ نے اپنی AMPAS رکنیت سے استعفیٰ دے دیا اور اکیڈمی نے اپنی تحقیقات جاری رکھی۔ اس کے بعد اکیڈمی نے اپنی میٹنگ کو آگے بڑھایا، جہاں انہوں نے اسمتھ پر اگلے 10 برسوں تک ایونٹس پر آنے سے پابندی لگا دی تھی۔

 

Related Articles