پنچایتوں میں نہیں ہوگی بجٹ کی کمی:یوگی

جالون:اپریل۔ اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ پنچایتوں کو ہائی ٹیک بنانے کے لئے بجٹ کی کوئی کمی نہیں ہونے دی جائے گی۔یوم قومی پنچایتی راج کے موقع پر ارئی تحصیل کے گاؤں ایری رمپور میں اتوار کو مختلف پروجکٹوں کا افتتاح کرنے کے بعد یوگی نے کہا کہ پنچایتی راج کا خواب مہاتما گاندھی کا تھا جو یوم راشٹریہ پنچایتی راج کے موقع پر پورا ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنچایتوں میں بجٹ کی کوئی کمی نہیں ہوگی۔ اب گاؤں کی پنچایتیں ترقی کا مرکز ہوں گی۔ ہر گرام پنچایت میں سکریٹریٹ بنائے جائیں گے اور وائی فائی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ آپٹیکل فائبر بھی فراہم کیا جائے گا تاکہ گاؤں کا ہر فرد گاؤں میں ہی آمدنی کا سرٹیفکیٹ، ذات کا سرٹیفکیٹ، رہائش کا سرٹیفکیٹ اور دیگر سہولیات حاصل کر سکے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سوچھ بھارت مشن کے تحت بیت الخلاء بنائے جائیں گے۔ صحت کی سہولیات کو گرام پنچایت تک پہنچانے کے لیے بھی کام کیا جائے گا۔ دیہی اسکولوں میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے، جس کے لیے معیار کے مطابق نئے اسکول قائم کیے جائیں گے۔دیہی علاقوں میں پانی کا بحران نہ ہو اس کے لئے امرت سروور یوجنا کے تحت پانی ذخیرہ کرنے کے لیے امرت سرور کی تعمیر کرائی جائے گی۔ خواتین کو عزت دینے کے لیے گاؤں میں مشن شکتی پروگرام چلائے جائیں گے۔خطاب کے بعد، یوگی آدتیہ ناتھ نے گرام سبھا کی کھلی میٹنگ میں بھی شرکت کی، جہاں گاؤں کے سربراہ اومکار پال نے میٹنگ کا ایجنڈا پڑھ کر سنایا۔ اس موقع پر گاؤں میں اچھے کام کرنے والے ضلع پنچایت صدر گھنشیام انوراگی اور گرام پردھان کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔ پروگرام کے دوران ایم ایل اے گوری شنکر، ایم ایل اے مول چند نرنجن، قانون ساز کونسل کے رکن راما نرنجن سماج وادی پارٹی کلپی کے ایم ایل اے ونود چترویدی، پنچایتی راج کے وزیر بھوپیندر چودھری اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔

Related Articles