بی جے پی لیڈر گھر پر بلڈوزر چلانے کی دھمکی دےکر وصولی کر رہے ہیں: سسودیا
نئی دہلی، اپریل۔دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے تمام ایم ایل ایز سے بی جے پی کے لوگوں کی طرف سے کی جا رہی جبراً وصولی کے خلاف دہلی کے لوگوں کی مدد کرنے کی اپیل کی ہے مسٹرسسودیا نے آج اپنے تمام ایم ایل ایز کو خط لکھ کر بی جے پی کے لوگوں کی طرف سے کی جا رہی جبراً وصولی کے خلاف دہلی کے لوگوں کی مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بی جے پی کی بلڈوزر سیاست کے پیچھے اصل وجہ رقم کی وصولی ہے۔ بی جے پی کے لوگ گھروں اور دکانوں پر جا کر لوگوں کو دھمکیاں دے رہے ہیں کہ اگر اتنے پیسے نہیں دیں گے تو آپ کے گھر پر بلڈوزر چلا دیں گے۔ کارپوریشن سے جاتے جاتے بی جے پی نےطے کیا ہے کہ جتنا پیسہ کمایا جا سکتا ہے، کما لیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے تمام ایم ایل ایز کو بی جے پی کی اس غنڈہ گردی کے خلاف کھڑےرہنے کو کہا ہے۔وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ٹویٹ کر کے کہا کہ’’ پوری دہلی سے اس طرح کی متعدد شکایتیں آرہی ہیں۔ دہلی کے لوگ کھلے عام اس قسم کی وصولی اور غنڈہ گردی کو برداشت نہیں کریں گے۔ کیا اسی وجہ سے ایم سی ڈی انتخابات کو ملتوی کیا ہے؟‘‘مسٹر سسودیا نے خط میں کہا ہے کہ ہمیں بہت سے لوگوں کی طرف سے شکایتیں موصول ہو رہی ہیں کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے لوگ اب دہلی میں گھروں اور دکانوں پر جا کرعام لوگوں کو دھمکیاں دے رہے ہیں کہ اگر اتنے پیسے نہیں دیں گے تو آپ کے گھر پر بھی بلڈوزر چلوا دیں گے۔ میرے اسمبلی حلقہ پٹپڑگنج کی سوسائٹیز اور کالونیوں سے لوگوں نے آکر اس کی شکایتیں کی ہیں۔مجھے گرین پارک جیسی سوسائٹیز سے بھی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ لوگ بہت خوف زدہ ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی غنڈہ گردی دیکھ کر لوگ خوف کی وجہ سے سامنے آنے سے ڈرتے ہیں کہ کہیں حقیقت میں وہ ان کے گھر اور دکانیں گروا نہ دیںانہوں نے خط میں مزید کہا ہے کہ مجھے معلوم ہوا ہے کہ میونسپل کارپوریشن سے جاتے جاتے بھارتیہ جنتا پارٹی نے طے کیا ہے کہ جتنا پیسہ کمایا جا سکتا ہے، کما لیں۔ اس لیے اب دکانداروں اور مکان مالکوں کو بھارتیہ جنتا پارٹی کے غنڈے دھمکیاں دےرہے ہیں اور ان کو بلیک میل کر رہے ہیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے خط کے ذریعے ‘آپ’ کے تمام ایم ایل ایز سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی اس ناجائز وصولی کے خلاف لوگوں کی مدد کریں۔ اپنے علاقے میں ہر جگہ لوگوں کو بتائیں کہ دہلی حکومت اور عام آدمی پارٹی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ اگر ایسا کوئی معاملہ کسی بھی ایم ایل اے کی نوٹس میں آتا ہے تو لوگوں کی مدد کریں اور وصولی کرنے والے بی جے پی کےغنڈوںکو فوراً پکڑ کر پولیس کے حوالے کرنے میں مدد کریں۔ نیز ایسے معاملات کو فوری طور پر حکومت کے علم میں لائیں۔