وزیراعظم نے آیوش میں سرمایہ کاری اور تحقیق پر زور دیا

گاندھی نگر، اپریل۔وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز آیوش میں تحقیق اور سرمایہ کاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس میں کسانوں کی آمدنی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے کی وسیع تر امکان موجود ہے۔مسٹر مودی نے گلوبل آیوش انویسٹمنٹ اینڈ انوویشن سمٹ 2022 کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آیوش کی ادویات اور معالجہ کے نظام سے کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران انسانیت کے لیے بڑے پیمانے پر تعاون ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آیوش میں سرمایہ کاری اور تحقیق کو بڑھانے کی ضرورت ہے، تاکہ دنیا کی بڑی آبادی کو بہتر اور سستی صحت کی خدمات فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ آیوش کے شعبے میں مقامی وسائل کو بروئے کار لانے سے کسانوں کی آمدنی بھی بڑھے گی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔کورونا بحران کے دوران کووڈ کا ٹیکہ تیار کرنے والی ہندوستانی کمپنیوں کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ سرمائے کی دستیابی کسی بھی شعبے کی صلاحیت کو بڑھاتی ہے۔ کورونا بحران کے دوران متعلقہ کمپنیوں کو سرمایہ فراہم کیا گیا ، تاکہ ویکسین تیار کی جا سکے اور اس وبا کا بھرپور طریقے سے مقابلہ کیا جا سکے۔وزیر اعظم نے آیوش کے عالمی بازار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سال 2014 میں یہ صرف تین بلین ڈالر کا تھا جو اب بڑھ کر 18 بلین ڈالر ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں اس میں تیزی سے اضافہ ہونے والا ہے۔ آیوش سیکٹر کا اگلے 25 سالوں میں صحت کے شعبے میں بڑا کردار ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آیوش کا بازار تیزی سے بڑھ رہا ہے کیونکہ دنیا میں آیوش کی مصنوعات کی طلب بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آیوش اسٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ چند دنوں میں آیوش اسٹارٹ اپ میں بھی یونیکارن ہوگا۔مسٹر مودی نے کہا کہ ہندوستان کے پاس جڑی بوٹیوں کی ادویات کا بہت بڑا خزانہ ہے اور یہ ہندوستان کا گرین گولڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آیوش بازار کو جدید بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ حکومت ملک میں آیوش پارک نیٹ ورک تیار کر رہی ہے۔ حکومت نے تقریباً 50 ممالک کے ساتھ آیوش کی مصنوعات کے تبادلے کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ اس کے علاوہ آیوش ٹریڈ مارک بھی تیار کیا جا رہا ہے۔ اس سے آیوش کی مصنوعات کو معیاری بنایا جائے گا اور ہندوستانی آیوش مصنوعات کے لیے پوری دنیا میں بازار کھلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت طبی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے آیوش ریزرو زمرہ تشکیل دے رہی ہے۔ اس سے ان غیر ملکیوں کو فائدہ ہوگا جو اپنے علاج کے لیے ہندوستان آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آیوش کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے سے اس پر لوگوں کا اعتماد بڑھے گا۔کیرالہ میں میڈیکل ٹورازم کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ ملک کی ہر ریاست میں ایسی صلاحیت موجود ہے۔ مقامی طور پر دستیاب وسائل پر تحقیق کی جائے اور اسے عالمی سطح پر پیش کیا جائے۔

Related Articles