نامور اڑیہ موسیقار، گیت نگار اور گلوکار پرفل کر انتقال کر گئے
بھونیشور، اپریل۔اڑیسہ کے نامور موسیقار، گلوکار اور گیت نگار پدم شری پرفل کر کا طویل علالت کے بعد اتوار کی رات ان کی رہائش گاہ پر انتقال ہو گیا۔ ان کی عمر 83 برس تھی۔خاندانی ذرائع نے بتایا کہ مسٹر کر کی آخری رسومات پیر کو پوری کے سوارگ دوار میں ادا کی جائیں گی۔وزیر اعظم نریندر مودی، اڑیسہ کے گورنر پروفیسر گنیشی لال، وزیر اعلی نوین پٹنائک اور مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے علاوہ موسیقی کی دنیا کی کئی نامور شخصیات نے ان کے انتقال پر غم کا اظہار کیا۔مسٹر مودی نے ٹویٹر پر کہا، ’’ مسٹرپرفلکر جی کے انتقال سے غمزدہ ہوں۔ انہیں اڑیہ ثقافت اور موسیقی میں ان کی نمایاں شراکت کے لیے یاد رکھا جائے گا۔ کر ایک ہمہ گیر شخصیت کے مالک تھے اور ان کی تخلیقی صلاحیتیں ان کے کاموں میں جھلکتی تھیں۔سوگوار خاندان کے ارکان کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر پٹنائک نے اعلان کیا کہ مشہور گلوکار کی آخری رسومات پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ کی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر شہری اموراور قانون کے وزیر پرتاپ جینا اور اسکول اور ماس ایجوکیشن کے وزیر سمیر رنجن داس مسٹر کر کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔سال 1939 میں پیدا ہوئے مسٹر کر 70 سے زیادہ اڑیہ فلموں میں اپنے مقبول گانوں اور موسیقی کے ساتھ اڑیسہ کے گھر گھر میں جانا پہچانا نام بن گئے تھے۔ وہ بیرون ملک بھی مقبول تھے اور انہوں نے ملک بھر میں اڑیہ موسیقی کو ایک نئی شناخت دی ۔لیجنڈری موسیقار کو 2004 میں اڑیہ موسیقی کے فروغ میں ان کی شاندار خدمات کے لیے باوقار جے دیوا ایوارڈ سے نوازا گیا۔ فن اور موسیقی کے میدان میں ان کی نمایاں خدمات کے لیے انھیں 2015 میں پدم شری سے بھی نوازا گیا تھا۔ انہیں ریکارڈ آٹھ بار بہترین میوزک ڈائریکٹر کے طور پر اڑیسہ اسٹیٹ فلم ایوارڈ سے نوازا گیا۔زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے مسٹر کر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کے آخری دیدار کے لیے آج صبح ان کی شہید نگر رہائش گاہ پہنچے۔مسٹر پٹنائک نے کہا کہ وہ مسٹر کر کے انتقال سے بہت افسردہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان کی موت سے پوری دنیا میں اڑیہ موسیقی کے دور کا خاتمہ ہو گیا۔ مسٹرکر کی اڑیہ گانوں کی خصوصی کمپوزیشن ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور وہ اڑیہ کے لوگوں کے دلوں میں امر رہیں گے۔مسٹر پردھان نے ٹویٹ کیاکہ پرافولکر کا ہر گانا اڑیسہ کے لوگوں کو پسند ہے۔