ڈھاکہ کے راستے اگرتلہ-کولکاتہ کے درمیان بس خدمات بحال
اگرتلہ، اپریل ۔کورونا انفیکشن کے سبب دو سال سے معطل ڈھاکہ کے راستے اگرتلہ کولکاتہ کے درمیان بس سروس اگلے ہفتے سے بحال ہوگی۔اگرتلہ میں بنگلہ دیش کے اسسٹنٹ ہائی کمیشن نے رواں ماہ سے مسافروں کے لیے ویزا جاری کرنا شروع کر دیا ہے، سال 2020 میں اپریل کے آخری ہفتے میں کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر سرحد پر لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندی لگا دی گئی تھی۔ فی الحال، دونوں ممالک نے اکھاؤڑا اور بیناپول کے راستے بنگلہ دیش میں مسافروں کی نقل و حرکت پر عائد تمام پابندیاں واپس لے لی ہیں۔تریپورہ حکومت کے افسران نے کہا کہ تریپورہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی آرٹی سی) نے اگلے 20 اپریل سے دونوں ممالک کے درمیان فرینڈلی بس چلانے کا بھی فیصلہ کیا ہےتاہم حکومت بنگلہ دیش نے اس حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان معاہدے کے مطابق، ٹی آرٹی سی اگرتلہ سے ڈھاکہ کے راستے کولکاتہ کے کے لیے بس چلاتی ہے اور بنگلہ دیش روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کولکاتہ کے سالٹ لیک علاقے سے ڈھاکہ کے راستے اگرتلہ کے لیے بس چلاتی ہےاگرتلہ اور کولکاتہ کے درمیان سفرکے لئے ٹرین اور ایئر لائنزسروس دونوں کفایتی قیمتوں پر دستیاب ہیں، لیکن اس کے باوجود بس سے کم فاصلے (تقریباً 500 کلومیٹر) ہونے کی وجہ سے لوگ اس سے سفرکرنا زیادہ پسند کرتے ہیں۔ اسے پہلی بار سال 1999 میں شروع کیاگیاتھا۔کورونا کیسز میں کمی کے پیش نظر سیاحت کو پھر سے فروغ دیا جا رہا ہے، اس کے پیش نظر بنگلہ دیش کے ٹور آپریٹروں نے ڈھاکہ کے راستے اگرتلہ اور چٹگاوں اور اگرتلہ سے کاکس بازار کے درمیان ایک براہ راست بس سروس شروع کرنے کی تجویز پیش کی ہے، جسے یہاں اتوارسے منعقدہونے والے ہند-بنگلہ دیش سیاحتی میلہ کے دوران رسمی شکل دی جانی ہے۔