شوپیاں میں فوجی گاڑی حادثے کی شکار، 2 اہلکارہلاک 5 دیگر زخمی

سری نگر، اپریل۔جنوبی ضلع شوپیاں کے کنی پورہ گاوں میں فوجی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 2 اہلکاروں کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی جبکہ پانچ شدید طورپر زخمی ہوئے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بادی گام زینہ پورہ شوپیاں میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین تصادم شروع ہونے کی اطلاع موصول ہوتے ہی 44 آر آر سے وابستہ فوجی اہلکار سومو میں سوار ہو کر زینہ پورہ کی طرف جا رہے تھے کہ کنی پورہ کے مقام پر گاڑی اُلٹ گئی جس کے نتیجے میں اُس میں سوار سات اہلکار زخمی ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال پہنچایا تاہم وہاں پر موجود ڈاکٹروں نے دو فوجیوں کو مردہ قرار دیا۔مہلوکین کی شناخت حولادار رام اوتار اور سپاہی پون گوتم کے بطور ہوئی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ حادثے میں زخمی ہوئے مزید 2 اہلکاروں کو انتہائی نازک حالت میں بادامی باغ ہسپتال سری نگر منتقل کیا گیا۔

Related Articles