لتا کو خراج تحسین پیش نہ کرنے پر بھارت آسکر اور گریمی ایوارڈز کا بائیکاٹ کرے، کنگنا
ممبئی،اپریل۔بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گلوکارہ لتا منگیشکرکو خراج تحسین پیش نہ کرنے پر بین الاقوامی سطح پر منعقد ہونے والے گریمی اور آسکر ایوارڈز کا بائیکاٹ کرے۔رپورٹس کے مطابق گریمی اور آسکر ایوارڈز کی تقریبات ہر سال دی ریکارڈنگ اکیڈمی اور اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز کی جانب سے منعقد کی جاتی ہیں۔ حال ہی میں دنیائے موسیقی کے اعلیٰ ترین گریمی ایوارڈ 64 ویں سالانہ تقریب میں’ان میموریم’ سیگمنٹ میں آنجہانی بھارتی گلوکارہ لتا منگیشکر کو خراج تحسین پیش نہیں کیا گیا۔یہ پہلا موقع نہیں، ایک ہفتہ قبل، آسکرز نے بھی گلوکارہ کے نام کا ذکر بھی نہیں کیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ نے لتا منگیشکر کو خراج تحسین پیش نہ کرنے پر آسکر اورگریمی کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا ہے۔کنگنا نے اپنے انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے آسکر اور گریمی ایوارڈز پر تعصب اور نسل پرست ہونے کا الزام لگایا کیونکہ وہ مشہور بھارتی گلوکارہ لتا منگیشکر کو بار بار جان بوجھ کر خراج تحسین پیش کرنے میں ناکام رہے۔انہوں نے خاص طور پر میڈیا پر زور دیا کہ وہ ان ایوارڈز کی تقریبات کا مکمل بائیکاٹ کریں اور ان کو کوریج نہ دیں۔رپورٹس کے مطابق گریمی ایوارڈز میں بہت سے آنجہانی میوزیکل فنکاروں کو خراج تحسین پیش کیا جن میں اسٹیفن سوندھیم اور ٹیلر ہاکنز شامل ہیں۔اطلاعات کے مطابق جب گریمی کی آفیشل ویب سائٹ پر تفصیلی فہرست جاری کی گئی تو اس میں لتا منگیشکر کا نام درج تھا لیکن انہیں خراج تحسین پیش نہ کیا گیا۔واضح رہے کہ 6 فروری کو بھارت کی لیجنڈ گلوکارہ لتا منگیشکر 92 سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد دنیا کو خیرباد کہہ گئی تھیں۔