یورپی یونین اورچین کے درمیان 23ویں سمٹ کا انعقاد
برسلز،اپریل۔ یورپین یونین اور چین کے درمیان 23 ویں بائی لیٹرل سمٹ منعقد ہو ئی۔ آن لائن منعقد ہونے والی اس سمٹ میں یورپین یونین کی نمائندگی یورپین کونسل کے صدر چارلس مشل ، یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین اور یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے کی جب کہ چین کی نمائندگی اس کے صدر ڑی جنگ پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ نے کی۔ اس ویڈیو سمٹ کے دو سیشن ہوئے، پہلا چینی وزیر اعظم کے ساتھ اور دوسرا چینی صدر کے ساتھ منعقد ہوا، یورپین ذرائع کے مطابق سمٹ میں باہمی معاملات کے علاوہ یوکرین پر جاری روسی جارحیت ایجنڈے کا اہم حصہ تھی۔ سمٹ کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یورپین کونسل کے صدر چارلس مشل اور یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین نے کہا کہ یورپین یونین کی خواہش ہے کہ اس کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہونے کے ناتے چین نہ صرف اس جنگ سے دور رہے بلکہ وہ روس پر اپنے اثرورسوخ کا استعمال کرتے ہوئے اسے یوکرین میں جنگ روکنے پر بھی آمادہ کرے، یورپین یونین نے چین سے مزید مطالبہ کیا کہ وہ لتھوینیا پر لگائی گئی تجارتی اور یورپین پارلیمنٹ کے ارکان پر چین میں داخلے کی پابندیاں ختم کرے، ملک میں انسانی اور مزدوروں کے حقوق کے احترام کو یقینی بنایا جائے، اس کے ساتھ مزید مطالبہ کیا گیا کہ چین اپنے ہاں یورپین کمپنیز کے داخلے اور کاروبار میں آسانیوں کے لیے اقدامات بھی اٹھائے۔