المسجد الحرام میں عمرہ زائرین کے لیے 100 دروازے کھول دیے گئے

مکہ مکرمہ،اپریل۔سعودی عرب میں عمومی صدارت حرمین شریفین نے زائرین کے بڑھتے ہوئے رش کو دیکھتے ہوئے عمرہ زائرین کی آمد ورفت کو آسان بنانے کی خاطر المسجد الحرام میں 100 دروازے کھول دیے ہیں۔عمومی صدارت حرمین شریفین کی انتظامیہ نے ٹویٹر پر ایک بیان میں کہا کہ’ یہ فیصلہ اڑدہام کو روکنے اور گھٹن کے واقعات سے بچنے کے لیے کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں المسجد الحرام کی سپیشل سیکیورٹی فورس کے ساتھ رابطہ ہے‘۔حرمین شریفین انتظامیہ کے مطابق ’مسجدالحرام کے 100 دروازے کھولنے سے زائرین اور عمرے کے لیے آنے والوں کو بڑی سہولت ہو گی۔ زائرین آسانی سے آ جا سکیں گے‘۔یاد رہے کہ حرمین شریفین انتظامیہ زائرین کو رمضان کے دوران متعدد سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔ کرونا سے بچاؤ کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔سرکاری خبر رساں ایجنسی ’’ایس پی اے‘‘ کے مطابق المسجد الحرام کے صحنوں کی صفائی دھلائی، سینیٹائزنگ، معذور، بزرگ اور مریض زائرین کو گالف گاڑیوں کے ذریعے ایک جگہ سے دوسری جگہ لانے لے جانے کا انتظام ہے۔ المسجد الحرام کے دروازوں سے آمد ورفت کے عمل کو منظم کیا جا رہا ہے۔

Related Articles