گریمی 2022: پاکستانی گلوکارہ کے گانے ‘محبت’ نے موسیقی کا سب سے بڑا ایوارڈ جیت لیا

لاس اینجلس،اپریل۔پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب نے موسیقی کی دنیا کے سب بڑے ایوارڈز ‘گریمی 2022’ میں بہترین گلوبل پرفارمنس کیٹیگری میں اپنے گانے ‘محبت’ کے لیے پہلا گریمی ایوارڈ حاصل کیا ہے۔موسیقار اور گلوکارہ عروج آفتاب کے کریئر کا یہ پہلا ‘گریمی’ ایوارڈ ہے جب کہ وہ پاکستان سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون ہیں جنہیں گریمی سے نوازا گیا ہے۔عروج آفتاب کو 64ویں گریمی ایوارڈز میں ‘بیسٹ نیو آرٹسٹ’ اور ‘بیسٹ گلوبل میوزک پرفارمنس’ کی کیٹیگری کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔پاکستانی گلوکارہ نے گریمی ایوارڈ حاصل کرتے وقت اسٹیج پر کہا کہ "میں نے یہ ریکارڈ ہر اس چیز کے لیے بنایا ہے جس نے مجھے توڑا اور پھر سے جوڑا، آپ سب کا میرا گانا سننے اور اسے اپنا بنانے کے لیے بے حد شکریہ۔”‘بیسٹ نیو آرٹسٹ’ کیٹیگری میں عروج آفتاب کے ساتھ برطانوی گلوکارہ آرلو پارکس، امریکی گلوکار فینیئس او کونل، راک بینڈ گلاس انیملس، راک بینڈ جیپنیز بریک فاسٹ، امریکی گلوکار جمی ایلن، امریکی گلوکارہ اولیویا روڈریگو، امریکی ریپر سوئٹی، آسٹریلوی گلوکار دی کڈ لورائی اور امریکی گلوکار بے بی کیم نامزد تھے۔’گریمی 2022′ کو جنوری میں کرونا کیسز میں اضافے کے سبب ملتوی کر دیا گیا تھا جس کے بعد اتوار کو امریکہ کے شہر لاس ویگاس کے ایم جی ایم گرینڈ گارڈن ارینا میں اس تقریب کا انعقاد کیا گیا۔عروج آفتاب نے حال ہی میں کوک اسٹوڈیو کے سیزن 14 میں بھی اپنی آواز کا جادو جگایا تھا۔گلوکارہ نے سیزن 14 کے لیے گلوکار افسر حسین کے ساتھ گانا ‘محرم’ گایا جسے خوب پسند کیا گیا۔گریمی ایوارڈ جیتنے پر پاکستانی فن کاروں کی جانب سے عروج آفتاب کو مبارک باد کے پیغامات دیے جا رہے ہیں۔گلوکارہ حدیقہ کیانی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا "مجھے بہت خوشی ہے کہ اتنی خوبصورت خبر کے ساتھ میر ی صبح کا آغاز ہوا۔ عروج آفتاب کے پہلے گریمی ایوارڈ حاصل کرنے پر فخر ہے۔”اداکارہ ماہرہ خان نے بھی کہا کہ انہیں عروج آفتاب پر فخر ہے۔گلوکار علی ظفر نے عروج آفتاب کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ اسی طرح جگمگاتی رہو۔
عروج آفتاب کون ہیں؟امریکی میوزک پبلیکیشن ‘پچ فورک’ کے مطابق عروج آفتاب سعودی عرب میں پیدا ہوئی تھیں اور وہاں 11 برس گزارنے کے بعد وہ اہلِ خانہ کے ہمراہ پاکستان کے شہر لاہور منتقل ہوئیں جو ان کے والدین کا آبائی شہر ہے۔بعد ازاں وہ میوزک کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے امریکہ کے برکلے کالج آف میوزک گئیں جہاں انہوں نے میوزک پروڈکشن اینڈ انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی جس کے بعد وہ نیویارک منتقل ہو گئیں۔عروج نے 2000 کے آغاز میں 18 برس کی عمر میں کینیڈین گلوکار لیونرڈ کوہن کا گانا ‘ہالولویا’ گایا تھا جو یوٹیوب اور سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوا تھا۔عروج آفتاب کا پہلا البم ‘برڈ انڈر واٹر’ 2014 میں ریلیز ہوا تھا۔ انہیں 2011 میں ایک معروف انٹرنیٹ ریڈیو اسٹیشن نے اپنی ‘100 کمپوزرز انڈر 40’ کی فہرست میں بھی شامل کیا تھا۔ان کا دوسرا البم ‘سائرن آئی لینڈز’ 2018 جب کہ تیسرا البم ‘ولچر پرنس’ 2021 میں ریلیز ہوا تھا اور گریمی ایوارڈز میں ان کی نامزدگی کا ذریعہ بننے والا گانا ‘محبت’ بھی اس تیسرے البم میں ہی شامل تھا۔بدھ کو 64ویں گریمی ایوارڈز کی نامزدگیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔گریمی ایوارڈز کے لیے نامزد ہونے سے قبل نومبر سن 2020 میں عروج کو ‘بیسٹ ہپ ہاپ اور ریپ’ کیٹیگری کے لیے پہلے لاطینی گریمی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔علاوہ ازیں 2020 میں انہیں مختصر فلم ‘بِٹو’ میں موسیقی ترتیب دینے کے لیے اسٹوڈنٹ اکیڈمی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔
بہترین نیو آرٹسٹ کا ایوارڈ نوجوان گلوکارہ اولیویا روڈریگو کے نام:گریمی 2022 میں ‘بیسٹ نیو آرٹسٹ’ کی کیٹیگری میں نوجوان امریکی گلوکارہ اولیویا روڈریگو کو ان کے گانے ‘ڈرائیورز لائسنس’ کے لیے ایوارڈ سے نوازا گیا۔انیس سالہ گلوکارہ کو گریمی 2022 کے لیے چار کیٹیگریز بیسٹ نیو آرٹسٹ، سونگ، ریکارڈ اور البم آف دی ایئر کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔ جن میں سے وہ تین کیٹیگریز میں ایوارڈ اپنے نام کر سکیں۔گریمی 2022 کے لیے سب سے زیادہ 11 نامزدگیاں حاصل کرنے والے امریکی موسیقار جان باٹیسٹ البم آف دی ایئر سمیت پانچ ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔سونگ آف دی ایئر کی کیٹیگری کے لیے امریکی بینڈ سِلک سونک کے گانے ‘لیو دی اوپن ڈور’ کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔

Related Articles