جیا بچن نے بھارتی ارکان پارلیمان کیلئے فلم ’’دسویں‘‘ کی اسکریننگ رکھی
نئی دہلی ،اپریل۔بولی وڈ اداکارہ اور بھارتی سیاستدان جیا بچن نے ارکان پارلیمان کے لیے اپنے بیٹے کی فلم ’ دسویں‘ کی ایک اسکریننگ رکھی۔ فلم دسویں کی کہانی ایک ایسے ان پڑھ سیاستدان کے ارد گرد گھومتی ہے جسے جیل میں قید رہنے کے دوران تعلیم کی طاقت کا اندازہ ہوتا ہے اور وہ اپنی تعلیم مکمل کرنے کی جدوجہد میں لگ جاتا ہے۔ اس فلم میں یامی گوتم اور نمرت کور بھی ہیں۔سیاست دان اور تجربہ کار اداکارہ جیا بچن نے اپنے ساتھی اراکین پارلیمان کے لیے ’دسویں‘ کی ایک ہائی پروفائل اسکریننگ رکھی ہے۔سوشل میڈیا پرکئی سینئر رہنماؤں نے تشار جلوٹا کی ہدایتکاری میں بنی فلم کے بارے میں اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے۔ مہاراشٹر کے رکن پارلیمان رجنی پٹیل نے فلم کی خوف تعریف کی اور فلم کی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وہیں فلم کے بارے میں شیو سینا کی ڈپٹی لیڈر پرینکا چترویدی نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو یہ فلم دیکھنی چاہیے۔ جبکہ انڈین نیشنل کانگریس کی قومی ترجمان شمع محمد نے فلم میں ابھیشیک بچن کی اداکاری کے ساتھ فلم کی کہانی کی خوب تعریف کی۔جیا بچن کی جانب سے رکھی گئی اس خصوصی اسکریننگ میں ابھیشیک اور شویتا بچن نے شرکت کی۔واضح رہے کہ اس سے پہلے ابھیشیک بچن نے آگرہ سینٹرل جیل کے قیدیوں کے لیے فلم’ دسویں‘ کی ایک خصوصی اسکریننگ رکھی تھی۔ فلم کو قیدیوں کی جانب سے خوب پسند کیا گیا اور بہت سے قیدیوں نے فلم دیکھنے کے بعد اپنی دسویں جماعت کی پڑھائی کو مکمل کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔