بالی وڈ کے وہ اداکار جنہوں نے اپنی جائیداد عطیہ کردی

ممبئی،مارچ۔بہت کم لوگ اس حقیقت سے آشنا ہوں گے کہ بھارت کے کئی آنجہانی فنکار وں نے مرنے سے قبل اپنی جائیداد عطیہ کرنے وصیت کی تھی۔آئیے جانتے ہیں کون ہیں وہ اداکار:
سری دیوی:ماضی میں بالی وڈ پر راج کرنے والی ادکارہ سری دیوی کا انتقال 2018 میں ہوا جس کے بعد ان کے شوہر بونی کپور نے اداکارہ کے اثاثوں کا نصف حصہ غریبوں میں عطیہ کیا اور گاؤں میں اداکارہ کے نام سے منسوب اسکول کی بنیاد ڈالی جہاں غریب بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی جاتی تھی۔اداکارہ کے اہل خانہ کے مطابق سری دیوی کی موت دل کا دورہ پڑنے کے سبب ہوئی جب کہ ڈیتھ سرٹیفکیٹ میں موت حادثاتی طور پر باتھ روم کے باتھ ٹب میں ڈوبنے کے باعث ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔
لتا منگیشکر:بالی وڈ کی لیجنڈ گلوکارہ لتا منگیشکر رواں برس ماہ فروری میں 92 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہوئیں، کہا جاتا ہے کہ معروف گلوکارہ کی وصیت تھی کہ تمام جائیداد عطیہ کردی جائے۔لتا کورونا کا شکار ہونے کے باعث بریچ کینڈی اسپتال ممبئی میں انتقال کر گئی تھیں۔
عرفان خان:بالی وڈ کے مایاناز اداکار عرفان خان 100 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے کے بعد 53 برس کی عمر میں کینسرسے جنگ لڑتے ہوئے اپریل 2020 کو زندگی کی بازی ہار گئے۔اداکار کی موت کے بعد ان کی اہلیہ نے عرفان کی جائیداد کا بڑا حصہ عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا، عطیہ کیے گئے اثاثوں کی مالیت 600 کروڑ تھی۔
سدھارتھ شکلا:بھارت کے مشہور پروگرام ‘بگ باس 13’ سے شہرت حاصل کرنے والے سدھارتھ کا گزشتہ برس ستمبر میں اچانک دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال ہوگیا تھا۔اطلاعات کے مطابق اداکار نے وصیت میں اپنے تمام اثاثے عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، کہا جاتا ہے کہ سدھارتھ شکلا کے اثاثوں کی مالیت 50 کروڑ تھی۔
سشانت سنگھ راجپوت:بالی وڈ کے باصلاحیت ادکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت دو سال قبل جون 2020 میں ہوئی جس نے سب کو حیران کردیا تھا جب کہ بھارت کے سکیورٹی ادارے اداکار کی موت کی وجوہات پر تحقیقات کررہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق سشانت نے اپنے اثاثوں کا بڑا حصہ عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کی انہیں ہمیشہ سے خواہش تھی تاہم اہلخانہ نے اداکار کی موت کے بعد تمام جائیداد غریبوں میں عطیہ کردی تھی۔

Related Articles