حکومت تعلیم کے معاملوں میں ریاستوں کے کام میں مداخلت نہیں کرتی: پردھان

نئی دہلی، مارچ۔وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے آج کہا کہ حکومت تعلیم کے معاملوں میں ریاستوں میں مداخلت نہیں کرتی۔مسٹر پردھان نے بدھ کو راجیہ سبھا میں ترنمول کانگریس کی رہنما ڈولا سین کے جواب میں یہ بات کہی۔ محترمہ ڈولا سین نے مغربی بنگال میں اقلیتی امور کے اداروں اور خاص کر عیسائی برادری کے اسکولوں کے معاملے میں مرکزی حکومت کی مداخلت کے بارے میں سوال پوچھا تھا۔مسٹر پردھان نے کہا کہ تعلیم ریاست کا موضوع ہے اور آپ کو اس کے بارے میں غلط فہمی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی سطح پر کچھ گڑبڑ ضرور ہوئی ہوگی۔ حکومت تعلیم کے معاملے میں مداخلت نہیں کرتی۔ ترنمول کے ہاؤس لیڈر ڈیریک اوبرائن نے اس کی سخت مخالفت کی۔ دیگر اپوزیشن پارٹیوں نے بھی اس کی مخالفت کی۔وزیر تعلیم نے کہا کہ ملک میں اساتذہ اور طلبہ کا مجموعی تناسب تسلی بخش ہے اور اسے بڑھانے کے لیے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔ حکومت ملک میں اساتذہ کی تربیت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور ریاستوں کے ساتھ تال میل بھی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لیے مربوط فریم ورک پر کام کیا جا رہا ہے۔ اس معاملے میں حکومت سپریم کورٹ کے حکم کو ذہن میں رکھتے ہوئے کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی تعلیمی پالیسی میں ویدک تعلیم پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور رفتہ رفتہ اس کو وسعت دی جائے گی۔

 

Related Articles