دہلی میں موسلا دھار بارش کے باعث متعدد مقامات پر پانی بھرا، کئی مقامات پر ٹریفک جام
نئی دہلی، دارالحکومت میں صبح سے ہورہی بارش کی وجہ سے متعدد مقامات پر پانی بھر گیا اور سڑکوں پر گڈھوں کے باعث گاڑیاں انتہائی سست رفتار سے چل رہی ہیں جس کی وجہ سے مختلف مقامات پر ٹریفک جام ہوگیا ہے۔
دارالحکومت کے تقریباً سبھی حصے پانی بھرنے سے متاثر ہوئے ہیں اور سڑکوں پر گڈھوں نے راہگیروں کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کردیا ہے۔
دفتر جانے والے لوگوں نے شکایت کی کہ پانی جمع ہونے کی صورتحال کوئی نئی بات نہیں ہے بلکہ اب تقریباً ہر دن یہی حالت رہتی ہے۔ لوگوں نے کہا کہ جب بھی دہلی میں بارش ہوتی ہے تو ہر طرف پانی بھر جاتا ہے۔ جنوبی دہلی میں باہری رنگ روڈ کے قریب بارش سے مکمل طور پر بھیگنے کے بعد فٹ اوور برج کے نیچے پناہ لینے والے افراد کا کہنا تھا کہ دہلی میں بارش سے راحت کم پریشانی زیادہ ہوتی ہے۔
دہلی ٹریفک پولیس نے ٹویٹ کرکے کے کہا ’’بی آر ٹی سینٹرل اسکول، بدر پور سے آشرم، سریتا وہار پل، دھول کنواں سے ایمس ، موتی باغ پل کے نیچے، بترا اسپتال کے قریب ایم بی روڈ پر دونوں اطراف ، پالم برج ، مائر وہار فیز-2، سرائے کالے خاں ڈی این ڈی کی جانب، سیما پوری سے دلشاد گارڈن کی طرف انڈر پاس اور میدان گڑھی میں پانی بھر گیا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک متاثر ہوا۔
پولیس نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ دھولا کنواں سے پنجابی باغ جانے والی سڑک پر ایک گاڑی کے خراب ہونے کی وجہ سے جام کے پیش نظر اس راستے کو استعمال نہ کریں۔ پرہلاد پور پل اور انڈر پاس میں بھی پانی بھرگیاہے اور پہلے ہی مصروف لبرٹی سنیما سے پنجابی باغ روٹ پر سڑک پر گڈھوں کے سبب زبردست جام لگ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کی صبح ساڑھے آٹھ بجے نمی کی کی شرح 100 فیصد پر پہنچ گئی اور اس دوران کم از کم درجہ حرارت 26.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔