دوسروں کے جوتے دھوکر شہری کروڑ پتی بن گیا
میلبرن،مارچ۔آسٹریلیا میں ایک شخص نے امیر بننے کیلئے منفرد طریقہ آزمایا اور وہ اس میں کامیاب بھی ہوگیا۔رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا کے شہر میلبرن سے تعلق رکھنے والا 29 سالہ یوجین چینگ دوسروں کے جوتے صاف کرکے کروڑ پتی بن گیا۔اطلاعات کے مطابق وکالت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے یوجین کو امریکی یوٹیوبر چیس میکینی ملا جس نے اسے پرانے جوتے پھینکنے کے بجائے ان کی صفائی کرنے کی ترغیب دی۔رپورٹس کے مطابق 2017 میں یوجین اور چیس نے فیصلہ کیا اور ایک جوتوں کا اسٹور کھول لیا جہاں لوگوں کے پرانے جوتے صاف اور ان پر رنگ بھی کیے جاتے ہیں۔29 سالہ شخص کا کہنا ہے کہ میں نے اپنی نوکری چھوڑی تاہم جب ہم نے اسٹور کھولا تو ہمارے بینک اکاؤنٹ میں صرف 500 ڈالرز باقی تھے جبکہ ہمارے اخراجات اس سے کئی زیادہ تھے تاہم کچھ وقت کے بعد ہمارا کاروبار چلنے لگ گیا۔رپورٹس کے مطابق ان سالوں کے دوران یوجین اور ان کے عملے نے 29 ہزار سے زائد جوتے صاف کیے ہیں جبکہ انہوں نے اس کی صفائی کی کٹس 45 مختلف ممالک میں 65 ہزار سے زائد صارفین کو برآمد کی ہیں۔اطلاعات کے مطابق 29 سالہ شخص کے کاروبار نے مجموعی طور پر اب تک 21 کروڑ پاکستانی روپے کی آمدنی کرلی ہے۔