کھیلوں کے سامان کی کمپنی Puma نے بھی روس میں کام روک دیا

ماسکو،مارچ۔کھیلوں کے ملبوسات اور سامان تیار کرنے والی معروف کمپنی PUMA نے اتوار کے روز اعلان میں بتایا ہے کہ اس نے روس کے لیے مصنوعات کی کھیپوں کو روک دیا ہے۔ مزید یہ کہ کمپنی نے روس میں اپنے اسٹوروں پر کام معطل کر دیا ہے۔اس طرح پوما دنیا بھر کی اْن متعدد کمپنیوں کی فہرست میں شامل ہو گئی جنہوں نے یوکرین پر حملے کے بعد روس کے ساتھ لین دین اور معاملات کا سلسلہ روک دیا ہے۔ یوکرین میں روس کے فوجی آپریشن کے نتیجے میں کئی ملکوں نے ماسکو پر اقتصادی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ دنیا بھر میں وسیع پیمانے پر اس فوجی آپریشن کی مذمت کی جا رہی ہے۔متعدد مغربی ممالک نے روس پر اقتصادی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ اس تناظر میں روسی صدر ولادی میر پوتین نے ہفتے کے روز ایک فرمان جاری کیا جس میں حکومت کو ہدایت دی گئی ہے کہ روس کے خلاف "غیر دوستانہ اقدامات” کرنے والے ممالک کی فہرست تیار کی جائے۔امریکا اور دیگر مغربی ممالک نے یوکرین میں فوجی آپریشن کے سبب روس پر کڑی پابندیاں عائد کر دیں اور مزید پابندیوں کی دھمکی بھی دی ہے۔ پابندیوں کا مقصد ملک سے باہر مالی وسائل ، سرمایہ کاری اور ٹکنالوجی تک ماسکو کی پہنچ کو کم کرنا ہے۔یورپی یونین کی جانب سے اعلان کردہ پابندیوں کی فہرست میں روس کی سیکڑوں شخصیات اور درجنوں ادارے شامل ہیں۔

Related Articles